میچز کھیلنا، نیٹس پر جانا، سب بہت مس کر رہی ہوں: عائشہ ظفر

23 May, 2020 | 12:37 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی عائشہ ظفر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سب سے مشکل مرحلہ کرکٹ نہ کھیل پانا ہے، وہ اپنا کرکٹ روٹین، میچز کھیلنا، نیٹس پر جانا، سب بہت مس کررہی ہیں اور جس دن لاک ڈائون ختم ہوگا وہ سب سے پہلے نیٹس پر جاکر کرکٹ کھیلیں گی۔

ایک انٹرویومیں 25 سالہ بیٹر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں یوں لگا کہ جیسے زندگی رُک سی گئی ہو، لوگوں سے روابط محدود ہوگئے اور روزانہ ایک سا ہی معمول بن گیا تھا، کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ گھر سے بالکل باہر نہیں نکل پائیں گے زندگی میں پہلی بار ایسا ہوا کہ بیس دن مکمل گھر پر ہی گزارے ہوں اور کہیں باہر نہیں گئے ہوں۔

 انہوں نے کہاکہ جب گھر پر ہوتی ہیں تو والدہ کے ساتھ کچن میں ہاتھ بٹا لیا جاتا ہے تاہم ساتھ ساتھ کوشش ہوتی ہے کہ فٹنس پر بھی کام جاری رکھا جائے۔

 23 ایک روزہ میچز اور 17 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی عائشہ ظفر نے کہا کہ ان دنوں وہ خود کو فٹ رکھنے کے لیے زومبا ورک آؤٹ کررہی ہیں جس سے نہ صرف وقت اچھا گزرتا ہے بلکہ فٹنس بہتر کرنے میں بھی مدد ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنے اپنے اچھے میچز بھی ڈسکس کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ بہترین فٹنس ورک آؤٹ پلان پر بھی آپس میں مقابلہ رہتا ہے۔

وا ضح رہے کہ عائشہ ظفر کی دو بہنیں مدینہ ظفر اور فائزہ ظفر پاکستان کی قومی اسکواش پلیئرز ہیں اور عائشہ ظفر نے کہا کہ اسکواش پلیئر بہنوں کے ساتھ گھر پر فٹنس میں مقابلہ رہتا ہے۔

یاد رہےکہ 24 مارچ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاہور سمیت  پنجاب بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی، دکانیں، مارکیٹیں، بازار ، مزرات اور شاپنگ مالز کھل گئے ہیں تاہم شادی ہالز، سینما گھر ، پارکس تاحال بند ہیں۔

مزیدخبریں