مال روڈ (عثمان علیم) حکومت نے عیدالفطر پر سکیورٹی اوردیگر انتظامی امورکیلئے 20 نکاتی ایس او پیز جاری کردیئے، عید اجتماعات کے دوران ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کیا جائے، حکومت نے پولیس، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔
ایس اوپیز کے مطابق عید کے اجتماعات کا دورانیہ 30 منٹ سے زیادہ نہیں ہوگا، ہر نمازی کیلئے فیس ماسک لگانا لازم ہے، نمازی وضو گھروں سے کر کے مساجد جائیں گے اور آپس میں 6 فٹ کا فاصلہ یقینی بنائیں گے، عید کی نماز کے بعد ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کیا جائے، مسجد انتظامیہ ہینڈ سینی ٹائزر مسجد گیٹ پر فراہم کرے، مساجد میں قالینوں اور دریوں کے بجائے فرش پر نماز کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا، نماز سے قبل مساجد کے فرش کو کلورین سپرے سے دھویا جائے گا۔
عید کی نماز مساجد کے علاوہ بازاروں، فٹ پاتھوں اور عید گاہوں کے باہر ادا کرنے سے سختی سے روکا جائے گا، 10 سال سے کم عمراور 50 سال سے زائد اور کھانسی نزلہ زکام والے افراد مساجد میں نہیں آسکیں گے، نمازعید کی ادائیگی کے بعد فوری عوام کو گھروں کو بھیجا جائے گا، عید گاہوں اور مساجد میں افراد کے اکھٹے کھڑے ہونے اور ہجوم نہ لگانے پر سختی سے عملدرآمد کیا جائیگا۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے مساجد کیروٹس اور اطراف کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے سخت احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری پہلے ہی دعویٰ کرچکے ہیں کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد عرب ممالک میں گزشتہ رات شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر اتوار 24 مئی کو ہوگی۔