مال روڈ(علی اکبر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی صورتحال، کورونا، ٹڈی دل اور دیگر امور پر حکومت کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام خود بھی کورونا سے بچیں اور ا پنے پیاروں کو بھی بچائیں ۔پابندیوں او ربندشوں میں نرمی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔عید کی خریداری کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے۔ کورونا ختم نہیں ہوا، احتیاط اور بچاؤ کی تدابیر ناگزیر ہیں۔ عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا کے ساتھ ساتھ غربت اور بیروزگاری کے چیلنج کا بھی سامنا کررہے ہیں ۔مزارات کھول دئیے گئے،زائرین سماجی فاصلہ اختیار کریں ۔
اجتماعی بصیرت کے ساتھ کورونا کے چیلنج میں سرخرو ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوگوں کو فاقہ کشی سے بچانے کیلئے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چاہتے ہیں کہ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی بحال ہوں ـروز گار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مواصلاتی منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کررہے ہیں اور ایسے ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں جن سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کوروزگار ملے۔مزدور کا چولہا جلانے کیلئے انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے کی اجازت دی۔
وزرائارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو تجاویز اور شفارشات پیش کیں ۔ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزراء یاسمین راشد، اختر ملک، نعمان لنگڑیال، سردار آصف نکئی اوردیگر ارکان شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں لاہو ر کے آثار قدیمہ پر باتصویر یادگاری کتاب دی مونو مینٹس آف لاہور کی رونمائی کر دی۔ صوبائی وزیر یوتھ افیئرز،سیاحت،سپورٹس و آرکیالوجی تیمور بھٹی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کتاب پیش کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کالاہور کی یادگار عمارتوں کی تاریخ کو محفوظ بنانے کیلئے کتاب مرتب کرنے پر محکمہ آرکیالوجی کی کاوش کو قابل ستائش قرار دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کتاب میں لاہور کی 83یادگار عمارتوں کی تاریخ کو محفوظ کیاگیاہے۔پاکستان خصوصاً لاہورکی تاریخی عمارتیں ہمارا قابل قدر اورمنفرد اثاثہ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کراچی میں پی آئی اے کا طیارہ گرنے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ و رنج کااظہار کیاہے۔زیراعلیٰ نے طیارے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اورجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
زیراعلیٰ عثمان بزدارنے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہےـدریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنرلاہورڈویژن کو فوکل پرسن مقرر کردیاہے۔کمشنر لاہور ائیر پورٹ انتظامیہ اور سول ایوی ایشن حکام سے قریبی رابطہ رکھیں گے۔