فرزانہ صدیق: وفاقی دارالحکومت کے بعض علاقوؓں میں ٹائر چوروں نے شہریوں کو ماہ صیام میں اذیت سے دوچار کر دیا۔
تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے کے واقعات تسلسل سے ہو رہے ہیں۔ آئی ایٹ سیکٹر سے سب سے زیادہ ٹائر چوری کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
جمعہ اور ہفتہ کی شب آئی ایٹ تھری سے 4 گاڑیوں کے ٹائر چوری ہوئے ۔
ٹائر چوروں نے گلیوں میں کھڑی گاڑیوں کو برق رفتاری سے نشانہ بنایا۔ بے خوف ٹائر چوروں نے وارداتوں کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کا خوف کھایا نہ ہی پولیس کی کسی گشت پر مامور ٹیم سے خائف نظر آئے۔ کار چور گلیوں میں کھڑی گاڑیوں کے چار چار وہیل اتار کر لے گئے اور گاڑیوں کو اینٹوں پر کھڑا چھوڑ گئے۔ کار چوروں کو جہاں اینٹیں دستیاب نہیں ہوئیں وہاں انہوں نے گاڑیوں کے چاروں وہیل نکالنے کے بعد گاڑیاں ایسے ہی سڑک پر ڈال دیں جس سے ان گاڑیوں کے مالکوں کا زیادہ نقصان ہوا۔
وفاقی پولیس کے کیمرے، گشت کے سکواڈ نام نہاد ہی نکلے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کا تھانہ آئی نائن رمضان کے مہینہ کے دوران عیدی بنانے کے لئے وارداتوں کے حوالے سے بدنام ہے۔ ایسی وارداتوں میں بعض مرتبہ بعض وردی والے خود چوروں اور راہزنوں کی سرپرستی کرتے بھی پائے گئے۔