آج شب ارتھ آور دنیا بھر کے ساتھ پاکستان بھر میں بھی منایا گیا

23 Mar, 2024 | 10:56 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42: بنی نوع انسان کے اکلوتے  گھر زمین کے ماحول کو مزید بربادی سے بچانے کا شعور پھیلانے کے لئے آج شب دنیا بھر میں "ارتھ آور" منایا گیا۔

ارتھ آور کا آغاز پاکستان میں رات ساڑھے  8 بجے ہوا۔ ماحول کو انسانوں کی پیدا کردہ آلودگی سے بچانے کا شعور  پھیلانے کے لئے ایک گھنٹے تک پاکستان بھر کی سرکاری عمارتوں میں بجلی کا استعمال مطلق بند کر دیا گیا۔ بہت سے عام شہریوں نے بھی ایک گھنٹے کے لئے  اپنے گھروں  میں برقی قمقمے اور دیگر برقی آلات کا استعمال ایک گھنٹے کے لئے بند رکھا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس ، ایوان صدر  اور سپریم کورٹ کی عمارتوں کی لائٹیں بند کردی گئیں۔

پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8 بجے سے رات ساڑھے 9 بجے تک ارتھ آور منایا گیا۔

پاکستان  کے ساتھ دنیا  بھر کے اہم ترین مقامات پر بھی گزشتہ کئی برسوں کی طرح اس سال بھی مقررہ وقت پر  برقی آلات کا استعمال ایک گھنٹے کے لئے بند کر دیا گیا۔عالمی  ارتھ آور مہم کے تحت ان مقامات کی روشنیاں ایک گھنٹےکے لیے بجھا دی گئیں جب کہ متعدد جگہوں پر مقامی وقت کے مطابق ارتھ آور  پاکستان کے بعدمنایا جا رہا ہے۔

 ارتھ آور 2007 میں متعارف کروایا گیا تھا ۔ اسے ہر سال مارچ کے آخر میں ایک مخصوص دن پر منایا جاتا ہے جس کا مقصدکرہ ارض کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانےکے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ماحولیاتی ذمہ داری میں حصہ ڈالنا ہے۔

پاکستان ماحول کے تحفظ کی تحریک کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں صف اول میں شامل ہے۔

مزیدخبریں