سٹی42: کچھ عرصہ پہلے تک سفر کرنے کے لئے جہاز میں بیٹھنا امارت اور تعیش کی علامت تصور کیا جاتا تھا، اب یہ شہر کے ایک حصہ سے دوسرے حصہ میں آنے جانے کے لئے ایک ضرورت بن گیا ہے۔ جی ہاں کم فاصلوں کے تیز رفتار سفر کے لئے ائیر ٹیکسی اب ایک تصور نہیں حقیقت ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ترقی کا یہ خوابناک سنگِ میل سب سے پہلے عبور کرنے والے ترقی کی شاہراہ پر سب سے پہلے قدم رکھنے والے یورپی یا امریکی نہیں بلکہ وہ ہیں جنہیں کچھ عرصہ پہلے "بدو" کہا جاتا تھا۔
متحدہ عرب امارات کا دل تصور کئے جانے والے شہر دبئی میں دنیا کی پہلی فلائنگ ٹیکسی سروس بس شروع ہونے ہی والی ہے۔ امریکہ کی ایک کمپنی " جوبی ایوی ایشن" دبئی میں فلائنگ ٹیکسی سروس شروع کرنے کے آخری انتظامات کو تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔ امریکی کمپنی نے اس فیوچرسٹک بزنس کے لیے رواں سال کے شروع میں متحدہ عرب امارات سے شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔
جوبی ایوی ایشن کمپنی کی صدر ایک خاتون بونی سیمی ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دنیا کے کسی بھی خطے کے مقابلے میں دبئی نے اس حوالے سے سب سے زیادہ پیش رفت کی ہے اور اسی لیے ہم اپنی ائیر ٹیکسی سروس کا آغاز دبئی سے کریں گے۔
کمپنی کی جانب سےدبئی میں 2025 میں ائیر ٹیکسی کے ابتدائی آپریشن شروع کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ ابتدا مین یہ سروس صرف مخصوص گاہکوں کو مہیا کی جائے گی اور تمام کنزیومرز کے لئے کمرشل سروس 2025 کے آخر تک دستیاب ہوگی۔
بونی سیمی نے بتایا کہ دبئی حکومت کی جانب سے اس فیوچرسٹک بزنس کے لئے مالی تعاون بھی کیا جائےگا جبکہ ریگولیٹرز کی جانب سے سروس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
بونی سیمی نے بتایا کہ دبئی انتظامیہ کے تعاون کی وجہ سے ہمیں سروس کے آغاز میں ممکنہ مالی نقصان کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 4 ایسی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی جو کسی ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف اور لینڈ کر سکتی ہوں گی۔
دبئی میں ابتدا میں ان اڑنے والی گاڑیوں ک کی لینڈنگ کا انتظام چند مقامات پر ہی کیا جائے گا جن میں دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ، برج خلیفہ اور پام جمیرہ وغیرہ سر فہرست ہوں گے، بعد میں بہت سی مزید بلند عمارتوں پر ان فلائنگ کاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ پیڈ تعمیر کئے جا سکیں گے۔
اوساکا جاپان میں ائیر ٹیکسی لانچ کرنے کا منصوبہ
امریکہ کی جوبی ایوی ایشن کمپنی سے پہلے 26 ستمبر 2022 کو جاپان میں سکائی ڈائیور SkyDrive نے اپنی کمرشل SD-05 فلائنگ کار کی نقاب کشائی کی تھی۔ اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ جاپان میں 2025 ورلڈ ایکسپو کے دوران صنعتی شہر اوساکا میں ہوائی ٹیکسی سروس شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
SkyDrive کے ڈیزائن ڈائریکٹر تاکومی یاماموتو نے بتایا تھا، "یہ اڑنے والی کاروں اور آسمانی سڑکوں کے حصول کی طرف ایک اور بڑا قدم ہے۔"
کمپنی نے اپنی اڑنے والی گاڑی SD-03 کا اعلان کیا اور بتایا کہ اگست 2020 میں اس گاڑی کا پہلا پبلک فلائٹ ٹیسٹ مکمل کیا جا چکا ہے۔ SD-05، جو ترقی کے مراحل میں ہے، ایک دو نشستوں والا، بجلی سے چلنے والا کمپیکٹ طیارہ ہے جس میں عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیتیں ہیں جو مستقبل میں گنجان علاقوں میں تیز رفتار فضائی نقل و حمل کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔
سکائی ڈائیورز کے ڈیزائن ڈائریکٹر یاماموتو نے بتایا تھا کہ "یہ گاڑی پوائنٹ A سے B تک سفر کرنے کا صرف ایک آسان ذریعہ نہیں ہے، یہ روزمرہ کے سفر کو پنکھ دینے کے ڈیزائن کے تصور کی بنیاد پر ایک محفوظ اور زیادہ پر لطف سفری ساتھی بھی ہے۔"
توقع ہے کہ یہ ہوائی جہاز ایک ٹرانزٹ آپشن بن جائے گا جہاں ایک شارٹ کٹ کی ضرورت ہے، ساتھ ہی اسے ریزورٹ سہولیات کے سفر اور ہنگامی طبی خدمات کے لیے بھی استعمال کرنا ممکن ہو گا۔
ہیڈ کوارٹر، سکائی ڈائیورز SkyDrive کا ہیڈ کوارٹر ایچی پریفیکچر میں واقع ٹویوٹا سٹی میں ہے۔ یہ کمپنی جاپان میں اڑنے والی کاریں اور کارگو ڈرون تیار کرتی ہے۔ سنہ 2022 میں یہ کمپنی SD-05 کے لی حکومت سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے ریکوائرمنٹس پوری کرنے میں مصروف تھی۔