سٹی42: گزشتہ ہفتوں میں دنیا کا امیر ترین شخص ہر چار دن بعد بار بار بدلتا رہا جس سے دنیا کے غریبوں کو بے وجہ ٹینشن ہوتی رہی تاہم اب امیروں میں سے ایک نے ایک ہی دن میں اپنی دولت کے پہاڑ میں 32 ارب ڈالر کی ایک اور پہاڑی کا اضافہ کر کے دولت کے بلند ترین پہاڑ کا مالک ہونے کا رتبہ بظاہر کافی عرصہ کے لئے حاصل کر لیا ہے۔ برنارڈ آرنلٹ اور جیف بیزوز کے درمیان دنیا کے امیر ترین فرد بننے کی دوڑ کا یہ انجام 22 مارچ کو ہوا۔
اس سال کے ڈھائی مہینوں کے دوران کئی بار امازون کے مالک جیف بیزوز دنیا کا امیر ترین شخص بنے اور کئی بار برنارڈ آرنلٹ کی دولت کی مالیت بیروز کی دولت سے بڑھ گئی ۔ شئیرز کی قیمت مین کمی بیشی اور منافعوں کے نئے انباروں کی شمولیت سے کبھی ایک تو کبھی دوسرے کی دولت کے انبار کو سبقت ملتی رہی۔
مگر اب بظاہر ایسا دکھائی دیتاہے کہ پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ نے دنیا کے امیر ترین شخص کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے کیونکہ 22 مارچ کو ان کی دولت میں 32.3 ارب ڈالرز (89 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کا اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں ایک دن میں 89 کھرب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور وہ اب 230 ارب ڈالرز کے اثاثوں کا مالک ہونے کے سبب دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
بائیس مارچ کو برنارڈ ارنلٹ کی لمبی چھلانگ سے صرف ان دن پہلے 21 مارچ کو امازون کے بانی جیف بیزوز نے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر دولت مند ترین انسان ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا مگر اب وہ 202 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ان کے یا کسی بھی دوسرے دولت مند کے ابھر کر آرنلٹ سے آگے نکل جانے کی مستقبل قریب میں کوئی توقع نہیں ہے کیونکہ کم از کم 30 ارب ڈالر یا ایلون مسک کے کیس میں 47 ارب ڈالر کما لینا آرنلٹ سے پیچھے موجود دو شخصیات کے لئے کچھ ایسا آسان نہیں ہے۔
کافی عرصے تک دنیا کے امیر ترین شخص رہنے والے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک اس وقت 185 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔
ایک اندازہ یہ ہے کہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کا اعزاز جلد میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے نام ہو جائے گا جو 181 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ مسک سے کچھ پیچھے ہیں اور ان کے بزنس کی ویلیو میں مسک کے کاروباروں کی نسبت زیادہ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ا س سال کے دوران دولتمند ترین افراد میں سے مارک زکربرگ کی دولت میں سب سے زیادہ 52.7 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس 154 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 5 ویں امیر ترین شخص ہیں۔