ویب ڈیسک : یوم پاکستان کے موقع پر گورنرہاؤس لاہور میں سول اعزازات دینے کی تقریب میں سینئیر صحافی اور سٹی نیوز نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف سلیم بخاری کو بھی صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے ان کے نمائندہ گورنر پنجاب نے ستارہ امتیاز دیا ۔
لاہور کے گورنرہاؤس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صدرِ مملکت کی جانب سے مختلف شخصیات کو سول اعزازات عطا کئے۔ تعلیم ، صحت ، کھیل، فن اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں سے منسلک افراد کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔
گورنر پنجاب نے 50سالہ صحافتی خدمات پر سٹی نیوز نیٹ ورک کے ایڈیٹران چیف سلیم بخاری کو ستارہ امتیاز سے نوازا جبکہ ڈاکٹر ندیم جاوید کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، ان کو سی پیک کی طویل المیعاد منصوبہ بندی کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دیا گیا۔ ڈاکٹر ندیم جاوید کو 2022ء میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبے کے اعتراف میں بھی ایوارڈ دیا گیا، منصوبہ بندی کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دینے پر بھی ایوارڈ عطا کیا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنیوالوں میں صوبائی وزیراقلیتی اموررمیش سنگھ اروڑہ بھی شامل ہیں، انہیں صدر پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ گورنر پنجاب نے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کو ایوارڈ دیا۔
رمیش سنگھ دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، رمیش سنگھ نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی، رمیش سنگھ کی بدولت 10 لاکھ پسماندہ گھرانوں تک مالی امداد پہنچی۔
سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ کو ہلال امتیازسےنوازا گیا، صدرپاکستان آصف علی زرداری نےبلال صدیق کمیانہ کوہلال امتیازسےنوازا۔ بلال صدیق کمیانہ کو ہلال امتیاز مثالی کارکردگی پر نواز گیا۔ بلال صدیق کمیانہ پنجاب اور وفاق میں مختلف اعلیٰ پوزیشن پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اداکارہ سجل علی کو بہترین اداکاری پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر سندھ اور بلوچستان میں بھی سول اعزازات دینے کی تقریبات جاری ہیں۔ گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سول اعزازات پیش کر رہے ہیں، جبکہ قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق اچکزئی مختلف شخصیات کو اعزازات دے رہے ہیں۔