یوم پاکستان؛ شہر لاہور میں تقریبات اور ریلیاں، نوجوانوں کا جوش و خروش عروج پر

23 Mar, 2024 | 10:55 AM

ویب ڈیسک : یوم پاکستان جہاں پورے ملک میں جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، وہیں شہر لاہور کے مختلف مقامات میں بھی آج کے دن کے حوالے سے شاندار تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریبات میں طلبہ اور طالبات کی جانب سے بھرپور شرکت کی گئی، طلبہ و طلبات نے ملی نغمے ، تاریخی تقاریر پیش کیں۔ 

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب؛

یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، جس میں پاکستان پاک فضائیہ کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے، تقریب میں شاعر مشرق کے مزار پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے۔ ستلج رینجرز کی جگہ ٖفضائیہ کے جوانوں نے ذمے داریاں سنبھال لیں۔ 
ایئروائس مارشل طارق محمود غازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس کے علاوہ ایئرآفیسر کمانڈنگ،سینٹرل ائیر کمانڈربھی تقریب میں شریک ہوئے۔ مہمانوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادرچڑھائی،  فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

 21 توپوں کی سلامی کی تقریب؛

واضح رہے کہ یوم پاکستان ، آج کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی کی تقریب سے ہوا، صوبائی دارالحکومت میں بی ایکس سٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی کی تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔ تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نےنعرہ تکبیر بلند کیا۔ 

سی بی ڈی پنجاب میں پروقار تقریب; 

یوم پاکستان کی مناسبت سے سی بی ڈی پنجاب میں پروقار تقریب ہوئی، جس میں سی او اوسی بی ڈی پنجاب بریگیڈیر (ر)منصور جنجوعہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا،ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ 
پرچم کشائی کی تقریب میں سی بی ڈی پنجاب کے اعلیٰ افسران اور عملے نے شرکت کی۔ سی او او سی بی ڈی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہماری تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 

جام شیریں پارک میں پروقار تقریب؛ 

یوم پاکستان کے موقع پر جام شیریں پارک گلبرگ میں قرشی انڈسٹریز کے زیراہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ خصوصی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ تقریب میں چیئرمین قرشی انڈسٹریز اقبال احمد قرشی،حسن قرشی نے خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ قرشی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کیْ 
تقریب کے دوران پرچم کشائی کی گئی، جس کے بعد فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ تقریب میں طلبا کی جانب سے ملی نغمے ،تاریخی تقاریر پیش کی گئی، اس کے علاوہ بچوں میں کوئز مقابلے بھی ہوئے۔ تقریب کے دوران شرکا نے 23 مارچ کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکا نے ملکی سالمیت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ 
تقریب میں قرشی پارک کی زینت و آرائش کی دیکھ بھال میں مصروف ورکرز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔

استنبول چوک سے مال روڈ تک ریلی؛ 

یوم پاکستان کے موقع پر سول سوسائٹی کی جانب سے استنبول چوک تا مال روڈ تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی مال روڈ سے ہوتے ہوئے واپس استنبول چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں تاجر برادری، طلباء اور سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 
ریلی کے شرکاء کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

یوم پاکستان پر سکولوں میں تقاریب کا اہتمام؛

1۔ ڈویژنل پبلک سکول میں یوم پاکستان کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ محمد یوسف نے خصوصی شرکت کی، تقریب میں پرنسپل بریگیڈئیر (ر)خرم محمود رانا بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ ڈی پی ایس کے ممبر بورڈ آف گورنرز طارق یاسین اور ابرار علی نے بھی شرکت کی۔ 
تقریب میں طلباوطالبات نے23مارچ کی اہمیت کے موضوع پر تقریری مقابلوں میں حصہ لیا، بچوں نے قرارداد پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ٹیبلوز، خاکے اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔ اے سی ماڈل ٹاون نے ڈی پی ایس بوائز سکاوٹس کی جانب سے کیمپ کو خوب سراہا۔ 
تقریب میں ہیڈ آف ونگز اقصیٰ بٹ، شمیلہ عزیز ، ام فروا، روزینہ بخاری نے بھی شرکت کی۔ 

2۔ دوسری جانب گورنمنٹ اے پی ایس بوائز ہائی سکول ماڈل ٹاون میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کنسلٹنٹ ڈاکٹر ادریس رانا اور ڈپٹی ڈی ای او ماڈل ٹاون شاہد علی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اساتذہ اور بچوں نے قرارداد پاکستان کی مناسبت سے ملی نغمے اور ترانے پیش کئے۔ 

تقریب میں پرنسپل رانا عطاء محمد اور سابقہ ڈی جی لٹریسی ڈیپارٹمنٹ بشیر زاہد گورائیہ ، گورنمنٹ جونیئرماڈل سکول کے ہیڈ ماسٹر محمد سعید اور ڈاکٹر رانا نیاز نے شرکت کی۔ 

3۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے ڈی پی ایس ماڈل ٹاون میں تقریب ہوئی۔ جس میں اے سی ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ محمد یوسف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 
تقریب میں طلبا نے تقاریر ، ڈرامہ پرفارمنسز اور ملی نغمے پیش کئے۔ 

عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام ریلی;

یوم پاکستان کی مناسبت سے عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی لاہور پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری نے کی۔ 
ریلی میں حاجی رفاقت، چودھری رزاق، اے ڈی فیصل ، وارث جوئیہ، عزیز عباسی، ذیشان اکمل ،ناصر بیگ ،عبداللہ غوری ، شفیق چودھری، عامر نثار اور رکشہ ڈرائیورز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین کے ریلی میں پرچم اٹھائے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔ 

مزیدخبریں