ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں ’’یوم پاکستان‘‘ آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں ’’یوم پاکستان‘‘ آج بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک : ملک بھر میں آج 84 واں یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ 

 23 مارچ کو پوری قوم یوم پاکستان کے طور پر روایتی جوش و جذبے کیساتھ مناتی ہے، یوم پاکستان کے موقع پر آج ملک میں عام تعطیل ہے۔

 یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔ توپوں کی سلامی دینے کی تقریب میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جوانوں اور افسران کی جانب سے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔

 دوسری جانب یوم پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کی جا رہی ہے، مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور برادر ملک آذربائیجان کے خصوصی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔ صبح سویرے اسلام آباد شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کوشاندار انداز میں شرکا کے سامنے پیش کیا۔

 آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری ہیں جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہیں، تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سروسز چیف، وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی اور غیر ملکی سفرا بھی موجود ہیں۔

 پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہین فلائی پاسٹ بھی پیش کریں گے، صدر مملکت پریڈ کا معائنہ کریں گے، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی ہوگا اور فلوٹ مظاہرہ کریں گے، پریڈ کے موقع پر دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی جائے گی، اس کے علاوہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد ہو گا، ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

یوم پاکستان کی مختصر تاریخ ؛ 

پاکستان میں پہلی مرتبہ یوم پاکستان 23 مارچ 1959 کو منایا گیا۔ قیام پاکستان کے بعد 1948 سے 1955 تک یہ دن معمول کی طرح تھا۔ قیام پاکستان کے سات سال بعدصدر اسکندر مرزا اور وزیراعظم چوہدری محمد علی کی قیادت میں 23 مارچ 1956 کو ملک کا اپنا تیارکردہ نیا آئین نافذ ہوا۔نیا آئین بنا کر نافذ کرنا بہت بڑی کامیابی تھی، لہٰذا حکومت وقت نے اسے ہمیشہ کےلیے یادگار دن قرار دیا اور فیصلہ کیا کہ اب سالانہ سرکاری سطح پر یہ دن یوم جمہوریہ کے نام سے 23 مارچ کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

صدر اسکندر مرزا اور وزیر اعظم چوہدری محمد علی کے زیرقیادت پہلے یوم جمہوریہ کی خوشی میں حکومت نے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔