(علی ساہی) آئی جی پنجاب کی جانب سے محکمے اور معاشرے میں غازیوں کی عزت مزید بڑھانے کیلئے نیا سٹینڈنگ آرڈر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق غازیوں کی پنجاب پولیس میں منفرد پہچان بنائی جائے گی۔
اس نئے آرڈر کے مطابق دھماکے، فائرنگ یا کسی بھی آپریشن میں زخمی اہلکار غازی کہلائے گا، اسکے علاوہ ٹریفک پولیس کا اہلکار دوران ڈیوٹی زخمی ہو گا تو بھی غازی کہلائے گا اور پنجاب پولیس کا حاضر سروس افسر و اہلکار غازی کو ملنے والی سہولیات کا حقدار ہوگا۔
اس مقصد کیلئے ضلعی سطح پر غازی نامزد کرنے کیلئے ڈی پی او کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی قائم ہوگی جو ہر مہینے میٹنگ میں ایک غازی نامزد کرے گی، ضلعی کمیٹی غازی نامزد کرکے ریجنل کمیٹی کو بھجوائے گی۔
اسی طرح ریجنل کمیٹی سی سی پی او اور آر پی او کی سربراہی میں 6 رکنی ممبران پر مشتمل ہوگی, ریجنل یونٹ کمیٹی سپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی اور پی ایچ پی کے غازیوں کے کیسز دیکھے گی، کمیٹی ایلیٹ فورس، ٹریفک پنجاب سمیت دیگر کے غازیوں کے کیسز بھی دیکھے گی۔
غازیوں کی نامزدگی کیلئے کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ہوں گے، غازیوں کیلئے نامزد ریویو کمیٹی ہر تین ماہ بعد میٹنگ کرے گی, پنجاب پولیس کے غازیوں کو اعزای سند اور وردی پر غازیوں کا انسگنیا بھی لگایا جائے گا۔