مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے ، لوگ خوفزدہ

23 Mar, 2023 | 12:50 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق   اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی گہرائی 90 کلومیٹر،مرکز افغان تاجکستان سرحد تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی لاہور، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، سیالکوٹ، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، جھنگ، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پتوکی ، میانوالی، شاہ کوٹ، کمالیہ، بورے والا ، پھولنگر، قصور، شیخوپورہ خوشاب ، اوکاڑہ، میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے  تھے،اُس روز  زلزلے کی شدت 7.7 تھی جبکہ مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش ریجن تھا ۔ 

زلزلے کیوں آتےہیں؟

 زلزلہ ایک قدرتی آفت ہے جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ماہرین کی طرف سے بتایا جاتا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے،  پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔

زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں میں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔

مزیدخبریں