(سٹی42) وزیر اعظم عمران خان نےیومِ پاکستان پر خصوصی پیغام جاری کیا۔انہوں نےکہا23 مارچ 1940 ایک تاریخی موقع تھا، جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے آپ کو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے لئے ایک خصوصی پیغام جاری کیا، اپنے اس پیغام میں ان کا کہناتھا کہ آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نےہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کی۔ اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔
اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضع کیے گئے ''اتحاد، ایمان اور تنظیم'' کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ہماری عظیم قوم نے ماضی میں اتحاد اور بھرپور عزم کے ذریعے کٹھن چیلنجوں پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا ہے، آج ہمیں اس وباء کا سامنا کرنے کے لئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، انشاءﷲ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں بھی سرخرو ہوں گے۔
اس دن ہم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بدترین ریاستی جبر کا سامنا ہے، ہم ان کی جرأت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
آئیے، آج ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر قانون کی حکمرانی، میرٹ کی بالادستی، برابری اور رحمدلی پر مبنی انسان دوست، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ ﷲ تعالٰی ہمیں تمام آزمائشوں کے دوران ثابت قدم رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ پاکستان پائندہ باد
علاوہ ازیں ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 15 سوسال قبل ہمارےنبی پاک ﷺ نےمدینہ میں پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد ڈالی،جس کی عمارت قانون کی بالادستی، اہلیت کی قدر اور رحم و برداشت پراستوارکی گئی اورجس میں تحصیلِ علم کومقدس فریضہ قرار دیاگیا۔ چنانچہ دو ہی دہائیوں میں مسلمان آئندہ کئی صدیوں کیلئےعظیم ترین تہذیب کےحاملین بن گئے۔
ایک اور ٹویٹ میں کہناتھا کہ جب مسلمان ان رہنما اصولوں سے دست کش ہوئے تو ان کی تہذیب کے تار و پود بکھر گئے۔ 81 برس قبل آج ہی کے روز ہمارے قائد نے عظیم فلسفی و شاعر جنابِ اقبال کے تصورات اور ریاستِ مدینہ کے انہی اصولوں کی روشنی میں ہمیں پاکستان کا خواب دکھایا۔