مون سون سے قبل لاہوریوں پر نئی مصیبت منڈلانے لگی

23 Mar, 2021 | 06:23 PM

Arslan Sheikh

حسنین ساجد: مون سون سیزن کے آغاز میں دو ماہ رہ گئے، لیکن واسا شہر کی ڈرینوں کی صفائی کا باقاعدہ آغاز نہ کرسکا، کوڑا ویسٹ واٹر کے نکاس میں بڑی رکاوٹ بن رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق واسا کی جانب سے شہر بھر کی چھوٹی بڑی ڈرینوں کی صفائی کا باقاعدہ آغاز نہیں ہوسکا، شہر کی پرائمری اور سیکنڈری ڈرینز میں موجود کوڑا ویسٹ واٹر کے نکاس میں رکاوٹ بننے لگا ہے۔ شہر میں پرائمری ڈرینز پچپن کلومیٹر طویل جبکہ سیکنڈری ڈرینز پینتالیس کلومیٹر لمبی ہیں۔ شہر کے روڈ سائیڈ ڈرین تین سو تراسی کلومیٹر طویل ہیں۔

واسا ہر سال مون سون سے قبل ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا ہیوی آپریشن شروع کرتا ہے، تاہم اب تک صرف مرکزی ڈرینوں میں ہی محدود صفائی آپریشن کیا گیا ہے۔ شہر کی چھوٹی بڑی ڈرینوں میں موجود کوڑا کرکٹ پانی کی نکاسی میں رکاوٹ ہے، ڈرینوں کی ڈی سلٹنگ نہ ہونے سے پانی کا لیول بھی بلند سطح پر آنا شروع ہوگیا ہے۔

چونگی امرسدھو ڈرین بدترین صورتحال میں ہے جبکہ ایل او ایس ڈرین کے ڈیزائن میں فالٹ ہونے سے صفائی ممکن ہی نہیں ہے۔ اس سے سیوریج کے مسائل سر اٹھانے لگے ہیں۔ مون سون کی بارشوں سے قبل ڈرینوں کی مکمل صفائی نہ ہوئی تو ڈرین سسٹم پانی نہیں لے سکے گا۔

واسا حکام کی کوشش ہے کہ مون سون سے قبل ڈی سلٹنگ مکمل کریں، اگر مون سون سے قبل ڈی سلٹنگ مکمل نہ کی گئی تو مون سون میں سیوریج مسائل شدت اختیار کر جائیں گے۔ 

دوسری جانب شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال ہے، مین شاہراہیں بھی پھسلن کا شکار ہیں. ملتان روڈ پر سکول کی دیوار کے ساتھ موجود کچرا ایل ڈبل یو ایم سی کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے. شہری انتظامیہ پر برہم ہیں. بار بار آواز اٹھانے پر بھی شہر کی صفائی کو یقینی نہیں بنایا جا سکا ہے.  کچرے کے باعث علاقے میں تعفن پھیلنے لگا ہے۔ علاقے میں غلاظت کے ڈھیر سے مکھیوں اور مچھروں کا راج ہے۔ 

مزیدخبریں