مریم نواز کی نیب پیشی پر گرفتاری ہوگی یا نہیں؟ اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی

23 Mar, 2021 | 03:53 PM

Sughra Afzal

(سعود بٹ) مریم نواز کی نیب پیشی پر مسلم لیگ (ن) نے بھرپور سیاسی پاور شو کرنے کا فیصلہ کر لیا، لیگی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، حمزہ شہباز ارکان اسمبلی جبکہ رانا ثناء اللہ کارکنوں کی قیادت کریں گے۔

قومی احتساب بیورو(  نیب) نے مریم نواز کو چودھری شوگر ملز اور جاتی امرا اراضی کیس میں  26 مارچ کو طلب کیا جسں پرچہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا،  نیب پر اس کا وضاحتی بیان آگیا، نیب ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مریم نواز کو 26 مارچ کو نیب طلب کیا گیا ہے۔ مریم نواز کے پیش ہونے پر چوہدری شوگر ملز کیس اور بعد ازاں جاتی امراء اراضی کیس میں صرف پوچھ گچھ کی جائے گی۔   مریم نواز کی گرفتاری کے تاحال کوئی امکانات واضح نہیں ہیں۔ نیب لاہور مریم نواز کی پیشی پر سوال جواب کا ریکارڈ 7 اپریل کو ہائی کورٹ میں پیش کرے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی پیشی پر پاور شو کرنے کا اعلان کردیا، پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز کی نیب پیشی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، کھوکھر برادران، رانا مبشر، بلال یاسین، مہر اشتیاق لاہور اور پنجاب کی تنظیم کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا۔

ایم این اے ملک پرویز، ملک ریاض،علی پرویز ملک، وحید عالم، چودھری شہباز اور باؤ اختر کو بھی اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ مریم نواز کی نیب پیشی پرخواتین ارکان اسمبلی اور لیگی خواتین کارکنان کو لانے کی ذمہ داری شائستہ پرویز ملک کے سپرد کی گئی ہیں۔

 لیگی ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کی قیادت حمزہ شہباز اور لیگی کارکنان کی قیادت رانا ثناء اللہ کریں گے، نیب پیشی کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اہم اجلاس کل طلب کیا گیا، اجلاس کی صدارت مریم نواز کریں گی۔

مزیدخبریں