ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور کی 70 بڑی ہاؤسنگ سکیمیں ایف بی آر کے ریڈار پر آگئیں

لاہور کی 70 بڑی ہاؤسنگ سکیمیں ایف بی آر کے ریڈار پر آگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

موج دریا روڈ (رضوان نقوی) شہر کی 70 بڑی ہاؤسنگ سکیمیں ایف بی آر کے ریڈار پر آگئیں، ایف بی آر نے ماڈل ٹاؤن کوآپرٹیو سوسائٹی، سٹیٹ لائف انشورنس ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی، ویلنشیا ٹاؤن، ازمیر ٹاؤن سمیت 70 کوآپریٹو سوسائٹیز میں پراپرٹی کی خریدوفروخت پر ٹیکس کٹوتیوں کا جائزہ لینے کیلئے مانیٹرنگ شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق ایگریکس کوآپریٹو سوسائٹی، سوئی گیس کوآپریٹو سوسائٹی، دی کوآپریٹو انجینئرز ٹاؤن، پی آئی اے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، پی سی ایس آئی آر، ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی، ایل ڈی اے ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی، نشیمن اقبال، ایل سی سی آئی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، دی نیشنل بنک آفیسرز، دی گورنمنٹ آفیسرز کوآپریٹو سوسائٹی اور ابدالینز ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت 70 ہاؤسنگ سکیموں کی ودہولڈنگ مانیٹرنگ شروع کی گئی ہے۔

  ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ پراپرٹی کی سیلز پرچیز پر ٹیکس کٹوتی کر کے ایف بی آر کو جمع کروانے کی پابند ہے، ایف بی آر کی ٹیمیں کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹ یا گھر خریدنے والوں سے فائلر یا نان فائلر کی شرح کے مطابق ٹیکس کٹوتی کا جائزہ لیں گی، پراپرٹی کی خریدوفروخت پر ٹیکس کٹوتی کر کے ایف بی آر کو ادائیگی نہ کرنیوالی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی ہوگی۔

علاوہ ازیں بینک،مہنگے سکولز،میڈیکل لیبز اور ہسپتالوں کی عمارتیں کرائے پر دینے والے بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر ) کے ریڈار پر آگئے، ایف بی آر نے بینکوں، سکولز، میڈیکل لیبز اور ہسپتالوں کی عمارتیں کرائے پر دینے والوں کے ٹیکس معاملات کی چھان بین کے لئےتھرڈ پارٹی معلومات اکٹھی کرنے کا عمل شروع کردیا، ایف بی آر کی ٹیمیں محکمہ ایکسائز کیساتھ پولیس کے ڈیٹا بیس سے کرایہ ناموں کا ریکارڈ بھی حاصل کریں گی۔

دوسری جانب ایف بی آر نے گزشتہ چار سالوں سے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر  ایل ڈبلیو ایم سی کا کھاتہ کھول لیا، ایف بی آر نے کمپنی سے ٹیکس ریکوری کیلئے کارروائی شروع کردی، ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی نے سال 2014سے  2016تک ٹیکس سے استثنیٰ حاصل کررکھا تھا، 3سالہ ٹیکس استثنیٰ کے بعد نہ تو تجدید کروائی اور نہ ہی ٹیکس کی ادائیگی کی ہے، ایف بی آر کے کارپوریٹ ٹیکس آفس نے کمپنی کو ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer