(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر 25 مارچ کو جڑواں شہروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور روالپنڈی میں 25 مارچ کو عام تعطیل کااعلان کیا گیا، جس کی تصدیق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنے ٹویٹ میں کی ہے، ڈپٹی کمشنر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 23 مارچ کی پریڈ منسوخ کردی گئی ہے جس کی وجہ سے جڑواں شہروں میں 25 مارچ کو عام تعطیل ہوگی۔
23rd March Parade has been postponed. Therefore 25th March will be a local holiday in Rawalpindi Pindi and Islamabad
— Muhammed Hamza Shafqaat (@hamzashafqaat) March 22, 2021
یادرہےکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خراب موسم کی پیشگوئی کے باعث 23 مارچ کو ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب کو دو روز کیلئے ملتوی کر دیا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ 23 مارچ کی بجائے اب 25 مارچ کو ہوگی، پریڈ میں تینوں مسلح افواج سمیت مختلف اداروں کے دستے حصہ لیں گے، 25 مارچ کی پریڈ کا وقت اور مقام وہی ہو گا جو پہلے سے طے شدہ ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اور 23 مارچ 1956ء کو پاکستان کا پہلا آئین منظور ہوا تھا، لاہور سمیت ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔