عمران یونس: فیروزپور روڈ کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹس بند، اچھرہ بازار میں حکومتی احکامات ہوا میں اڑانے والے چاولہ کاسمیٹکس سٹور کے خلاف کاررروائی، مالک کو حراست میں لے لیا گیا۔
کو رونا وائرس کے خدشات کے باعث حکومتی احکامات پر عملدر آمد کرتے ہوئے لٹن روڈ سے چونگی امر مرسدھو تک فیروزپور روڈ کی اڑتالیس مارکیٹس بند رکھی گئیں،کچھ مقامات پراحکامات کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی جانب سے سخت ایکشن لیا گیا۔ اچھرہ مین بازار میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے والے چاولہ کاسمیٹکس سٹور کو بند کروادیا گیا، تھانہ اچھرہ پولیس نے مالک کو حراست میں بھی لے لیا۔
شہر کی مارکیٹوں میں ہوُ کا عالم ہے، تاہم بند ریسٹورنٹ پر پارسل کیلئے قلیل تعداد میں گاہکوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت پنجاب نےریسٹورنٹس کو ہوم ڈلیوری اور ٹیک آوے کی اجازت دے رکھی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے، سینما گھر اور شادی ہالز بھی بند کروادیئے، دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔