حضرت مادھول لعل حسینؒ کا عرس، کل لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی

23 Mar, 2018 | 01:17 PM

Read more!

(شاہد ندیم سپرا) حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کل رسم چادر پوشی سے شروع ہوں گی، عرس تقریبات کو"میلہ چراغاں" کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے، لاہور میں کل عرس کے موقع پر  لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق شاہ حسین لاہوری 1539ء میں ٹیکسالی دروازے لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام شیخ عثمان تھا جو کپڑا بننے کا کام کرتے تھے۔ مادھولعل حسین کا خاندانی نام ڈھاڈھا حسین تھا۔ ڈھاڈھا پنجاب کے راجپوتوں کی ایک ذات ہے۔ شاہ حسین پنجابی زبان و ادب میں کافی کی صنف کے موجد ہیں۔ وہ پنجابی کے اولین شاعر تھے جنہوں نے ہجر و فراق کی کیفیات کے اظہار کے لیے عورت کی پرتاثیر زبان استعمال کی۔

حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے430 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار شریف پر رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے ہوگا جس میں صوبائی وزیر اوقاف سید زعیم حسین قادری، سیکرٹری اوقاف اعجاز چوہدری، مینیجر دربار مادھو لعل حسین بدر حیات سمیت عقیدت مند اور زائرین شریک ہوں گے۔

 حضرت مادھو لعل حسین کے عرس کو "میلہ چراغاں" سے منسوب کیا جاتا ہے، اس لئے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد دربار پر حاضری دے رہی ہے اور منتوں کی مناسبت سے چراغاں بھی کیا جا رہا ہے، تقریبات کا آخری روز سہ پہر تین بجے تک خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے، سوموار کے روز بعد از عشاء دعا کیساتھ تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔

 پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، عقیدت مندوں کے لئے ایک ہی داخلی راستہ مختص کیا جائے گا۔

مزیدخبریں