ویب ڈیسک : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر عاطف چوہدری کی سربراہی میں منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔
سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیاالدین انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز سے مذاکرات کرے، موجودہ صورتحال جس میں عام آدمی پریشان ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ ان کے احتجاج کے سلسلے میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی دشواری اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ قوم پر مسلط حکمرانوں کے رویوں کی وجہ سے اساتذہ، مزدور، کسان، ڈاکٹرز حتیٰ کہ سرکاری ملازمین تک پریشان ہیں، صحت کے شعبہ کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے، ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کے نام پر اربوں کے فنڈز کرپشن کی نذر ہورہے ہیں، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال آتش زدگی واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس کی تحقیقات حکومت کا حق ہے تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے ایف آئی آر اور تحقیقات کے بغیر ڈاکٹرز کو ہتھکڑیاں پہنانا اور دیوار سے لگا کر کھڑے کردینا انتہائی تضحیک آمیز فعل تھا،قوم کے مسیحاؤں سے یہ سلوک دھاندلی سے مسلط حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا، جماعت اسلامی اس توہین آمیز رویہ کی مذمت کرتی ہے، یہ فاشسٹ اور عوام کو خوفزدہ کرنے کے ہتھکنڈے ہیں، حکمران فارم سنتالیس کے ذریعے اقتدار میں آئے، یہ جانتے ہیں کہ ان کو ووٹ نہیں ملے، یہ خوف پھیلا کر عوام کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم اب ایسا نہیں چلے گا،عوام انہیں سمجھ گئے ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ حکمران یہ تاثر دیتے ہیں کہ اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے والے چور ہیں، یہ صرف ڈاکٹرز کا معاملہ ہی نہیں، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق افراد کو آواز اٹھانے پر جبر اور تشدد سے روکنے کی کوشش کی جاتی ہے، انگریزوں کے شاگردوں نے پنجاب میں انگریزوں کی متعارف شدہ دفعہ 144نافذ کردی، جماعت اسلامی حق کے لیے آواز اٹھائے گی، حکمران جو مرضی کرلیں، ہمارا جان لیوا لوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی اور ظالمانہ بجٹ کے خلاف احتجاج جاری ہے، پورے ملک میں اضلاع، تحصیلوں کی سطح پر مظاہرے ہوئے، جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں آئندہ کی سرگرمیوں کا اعلان بھی ساتھ ساتھ کرتے رہیں گے،جماعت اسلامی جلد قومی سطح پر ممبر شپ مہم کا آغاز کرے گی۔
صدر وائے ڈی اے پاکستان ڈاکٹر عاطف چوہدری اور صدر پنجاب شعیب نیازی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی کابینہ میں شامل چند وزرا حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں دھمکیاں اور ڈیڈلائنز جاری کی جارہی ہیں، ہم اپنے جائز مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، انہوں نے امیر جماعت کو یقین دلایا کہ ان کی ریکوئسٹ پر وہ ان ڈور ہڑتال کو موخر کررہے ہیں، مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مذاکرت کے موقع پر میڈیا، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے نمائندے موجود ہوں تاکہ پورا سچ قوم کے سامنے آئے،انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ ان کے حق کے لیے آواز اٹھائیں۔
ڈاکٹرز کے وفد نے مطالبات کی حمایت اور ملاقات پر امیر جماعت کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں وائے ڈی اے کی مرکزی و صوبائی قیادت اوردیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔