منشیات فروشوں،  ڈیلرز اور اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن، 152 ملزمان گرفتار

23 Jun, 2024 | 05:37 PM

علی ساحی : وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم میں پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ 

 ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں منشیات فروشوں،  ڈیلرز اور اسمگلرز کے ٹھکانوں پر پولیس نے کریک ڈاؤن میں تیزی کردی، ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 278 چھاپے مارے گئے ، مکروہ دھندے میں ملوث 152 ملزمان گرفتار کرکے 150 مقدمات درج کیے گئے ۔ ملزمان کے قبضہ سے 59 کلو گرام چرس ، 02 کلو ہیروئن اور 1834 لٹرز شراب برآمد ہوئی ۔ 

 ترجمان پنجاب پولیس  کا کہنا ہے کہ 26 فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران پولیس ٹیموں کے 32 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے۔ منشیات فروشی میں ملوث  15689 ملزمان گرفتار کرکے 15 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 09 ہزار کلو  سے زائد چرس،  157 کلو گرام ہیروئن، 267 کلو افیون برآمد ہوئی، اس کے علاوہ 44 کلوگرام آئس اور 1671389 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔ 

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کی ہدایت کی گئی، کہنا ہے کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز اور آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، منشیات کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو دیگر اداروں کے تعاون سے قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں ۔ 

مزیدخبریں