(راؤ دلشاد)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے پراپنے پیغام میں کہاہے کہ آج حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے محنت،لگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتی ہوں۔ زندگی دیانتداری اور لگن کے ساتھ خدمت کے لیے وقف کرنے والے لوگ قابل تحسین ہیں۔ محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت اور انکی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی بنیادی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے۔ پنجاب حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت عوامی خدمت میں شفافیت، جوابدہی اور بہترین کارکردگی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ بہتر سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس کیلئے محکموں کی ری سٹرکچرنگ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ حکومتی پالیسیوں سے انشاء اللہ سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔