اتوار کو او پی ڈیز میں کام شروع کر دیں، پنجاب کے وزیر صحت کی ہڑتالی نرسوں اور ڈاکٹروں کو " ڈیڈ لائن"

23 Jun, 2024 | 04:47 AM

سٹی42: پنجاب کے  وزیر صحت  خواجہ سلمان رفیق نے خانیوال میں نرس اقصیٰ کی رہائی کے لئے احتجاج کرنے والے  ہڑتالی ڈاکٹروں کو پیر تک ڈیوٹی پرواپس آنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
لاہورمیں وزیرپرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کے ساتھ وزارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کے اجلاس کی صدارت کرتےہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں پیر تک او پی ڈی ہر صورت میں بحال ہونی چاہیں۔ مریضوں کے علاج میں ایک فیصد بھی تعطل برداشت نہیں کریں گے۔تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آج اتوار کو بھی نرسوں اور ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری رہی تو وہ کیا کریں گے۔ 

خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس میں تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو حکم دیا کہ وہ آج اتوار کو تمام او پی ڈیز مین پرچی کاؤنٹر کھلوائیں اور  ڈیوٹی روسٹر فراہم کریں۔ خواجہ سلمان رفیق نے  کہا کہ ہم کام کرنے والے ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کے ساتھ کھڑے ہیں، ہڑتال کرنے والوں کے ساتھ نہیں، انہوں نے نرسوں اور ڈاکتروں کی کئی روز سے جاری ہڑتال کو بلاجواز قرار دیا اور کہا کہ یہ کسی مسئلے کا حل نہیں۔

لاہور میں ہونے والے اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے  پنجاب کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹوں کے ساتھ او پی ڈیز مین نرسوں، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ہڑتال ختم کروانے پر مشورہ کیا۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داران نے صوبائی وزراء کو بریفنگ دی۔ 

اجلاس میں ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وی سی فیصل آباد پروفیسر ظفر چوہدری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز پروفیسر آصف بشیر، ایم ایس جناح ہسپتال لاہور ڈاکٹر یحییٰ سلطان و دیگر تمام پرنسپلز اور ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔

ہڑتال کرنے والی نرسوں اور ڈاکٹروں کا مؤقف
پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز اور نرسز کی ہڑتال کئی روز سے جاری ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ خانیوال کے سرکاری ہسپتال میں مبینہ غیر معیاری دوا کے سبب ہونے والے حادثہ کے نام پر قتل کا مقدمہ بنا کر جیل میں قید کر دی گئی نرس اقصیٰ کو فوراً رہا کیا جائے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ساہیوال میں ٹیچنگ ہسپتال کی ایک وارڈ میں آگ لگنے کے واقعہ پر سینئیر ہیلتھ پروفیشنلز کی گرفتاری کے واقعہ پر بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پیرامیڈیکل سٹاف بھ ینرسوں کے احتجاج میں شریک ہے اور لاہور سمیت صوبہ کے بیشتر ہسپتالوں مین او پی ڈیز مین کام کئی روز سے بند ہے۔ 

خواج سلمان رفیق نے سرکاری اجلاس میں  کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں پرچی کاؤنٹرز بلاتعطل چلنے چاہئیں، ہڑتالی ڈاکٹرزکو ڈیوٹی پر آنے کیلئے 24 جون تک ڈیڈلائن دے رہے ہیں۔سرکاری اسپتالوں کے ذمہ داران اتوار تک ڈیوٹی روسٹر فراہم کریں۔

دوسرے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر  نے کہا کہ وہ خانیوال اورساہیوال میں بچوں کی اموات پر افسردہ ہیں، ہسپتالوں میں ہڑتال کلچر ختم ہوناچاہیے۔

خواجہ عمران نذیر ن کہا کہ کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ڈاکٹرز کو بے روزگار نہیں کرنا چاہتے، مزید بھرتیاں کرنے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ہڑتال کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خانیوال سے گرفتار نرس کو رہا کیا جائے، ساہیوال واقعے میں ڈاکٹرز کو گرفتار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں