پشاور کے بعد جنوبی وزیرستان میں بھی رکن اسمبلی نے گرڈ سٹیشن پر قبضہ کر کے بند فیْڈر چلا دیا

23 Jun, 2024 | 04:03 AM

سٹی42: پشاور کے بعد جنوبی وزیرستان میں بھی ایک  رکن قومی اسمبلی اپنے کارکنوں کے ساتھ  گرڈ اسٹیشن میں گھس گیا اور زبردستی  اپر وزیرستان سرا روغہ فیڈر کی بجلی کی سپلائی آن کردی۔

ایم این اے زبیر خان وزیر  نے صرف ایک بار جنڈولہ گرڈ سٹیشن میں گھسنے پر ہی بس نہیں کیا۔ اب اس کا کہنا ہے کہ اس کے آرمی گرڈ سٹیشن میں خود بیٹھیں گے اور ایف آر جنڈولہ اور اپر وزیرستان کی بجلی 12-12 گھنٹے بحال رہے گی۔

سوشل پلیٹ فارمز پر موجود  ایم این اے زبیر وزیر کی جنڈولہ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہونے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایم این اے جنوبی وزیرستان زبیر خان وزیر اپنے کارکنوں کے ہمراہ جنڈولہ گرڈ سٹیشن میں داخل ہوگیا۔ اس نے خود  کنٹرول روم میں بٹن دبا کر اپر وزیرستان سراروغہ کو 12 گھنٹے بجلی کی ترسیل زبردستی شروع کردی۔

مقامی وزیری پشتو زبان میں گفتگو کرتے ہوئے زبیر وزیر نے کہا کہ آج میں آیا ہوں، جنڈولہ گرڈ اسٹیشن میں کھڑا ہوں۔

ویڈیو میں انہیں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ایف آر جنڈولہ اور اپر وزیرستان کی بجلی جنڈولہ گرڈ اسٹیشن سے ہے۔  ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوگی جبکہ 12 گھنٹے بلا روک ٹوک بجلی چالو ہوگی۔

ایم این اے نے کہا کہ ابھی میں نے اپر وزیرستان سراروغہ کے فیڈر کا بٹن دبا کر چالو کردیا، انشااللہ یہ سلسلہ ترتیب وار جاری رہے گا 12 گھنٹے ایف آر جنڈولہ اور 12 گھنٹے اپر وزیرستان کو بجلی سپلائی متواتر جاری رہے گی۔

ایم این اے زبیر وزیر نے مزید کہا کہ اس میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور باقاعدہ جنڈولہ گرڈ اسٹیشن میں ہمارے بندے بیٹھے ہوں گے۔

ویڈیو کے آخر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کارکنوں نے ایم این اے زبیر وزیر کے اس اقدام پر خوب تالیاں بجائیں۔

مزیدخبریں