مریم نواز کے انتخابی حلقہ  میں پارک جوہڑ میں بدل گیا

23 Jun, 2024 | 02:05 AM

عمیر افضل:  مغلپورہ روڈ پر واقع گلستان محمد پارک کی ابتر صورتحال عرقِ گلاب سے دھلے ہوئے لاہور کے چہرے کی بدنمائی کا اشتہار بنی ہوئی ہے لیکن انتظامیہ کو اس پارک کی حالت سنوارنے سے مطلق کوئی غرض نہیں۔   
سیوریج کے نظام کی پرانی خرابی کے باعث پارک میں غلیظ بدبودار پانی جمع رہتا ہے۔ اس پانی کی وجہ سے پارک عملاً جوہڑ بن چکا ہے جہاں کسی بچے ، بڑے کا آنا اب ممکن نہیں۔
پارک کے جوگنگ ٹریک پر بھی سیوریج کا پانی جمع رہتا ہے۔  گندا پانی جمع ہونے سے علاقے میں بدبو کا راج ہے۔ 

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر علاقہ میں سیوریج لائن ڈال دی جائے تو  یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ سیوریج کا پانی جمع ہونے سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ کچھ عرصہ قبل بنایا گیا پارک اب تالاب بن چکا ہے۔

علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ یہ علاقہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے حلقہ میں شامل ہے۔ سات مہینے سے پارک اور پورے علاقہ کا یہ حال ہے۔  بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران علاقہ کے مکین اس پارک مین آ کر وقت گزار لیتے تھے اب یہاں گندا پانی جمع ہونے کے سبب یہاں کھڑا ہونا ممکن نہیں رہا۔

اس علاقہ کے مکینوں نے شکایت کی کہ وہ اور ان کے بچے پارک کی سہولت سے محروم ہیں۔ ہر طرف بدبو کا بسیرا ہے، ایسے میں اگر لاہور شہر کے چند علاقوں میں چند سڑکوں کو عرقِ گلاب سے دھویا جا رہا ہے تو یہ صفائی سے محروم شہریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔  شہریوں نے اپیل کی کہ  گلستان محمد پارک کو بھی لاہور کا حصہ سمجھا جائے اور اس کی حالت بدلنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ 

مزیدخبریں