ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان بزنس فورم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔
فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن کی ترقی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا دی گئی، پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت سے خارجہ تعلقات بحال کئے، پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنادی ہے۔ پاکستان کی معاشی خودمختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک پاکستانی 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کریں، 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکارہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کے خلاف جھوٹ بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔
ملاقات میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔