17 سال کی عمر میں کس مرض میں مبتلا ہوا؟ فواد خان کا اہم انکشاف  

23 Jun, 2023 | 05:24 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور اداکار فواد خان نے پہلی بار اپنی بیماری سے متعلق زندگی میں آنے والی مشکلات کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔

 فواد خان پاکستان ٹی وی ڈرامے اور فلم انڈسٹری کے جانے مانے اداکار ہیں۔ انہوں نے پاکستان سمیت بھارت میں بھی خوب نام کمایا بلکہ دنیا بھر میں ان کے لاکھوں چاہنے والے موجود ہیں جو ان کی اداکاری کو بے حد پسند کرتے ہیں۔

 میڈیا رپورٹس میں یہ خبر گردش کررہی تھی کہ فواد خان ذیابیطس میں مبتلا ہیں تاہم انہوں نے خود باضابطہ طور پر اس بارے میں کھل کر بات کبھی نہیں کی۔

 حال ہی میں اداکار نے نیجی چینل کو ایک انٹرویو دیا جہاں فواد خان نے اپنے بچپن کے دور میں اپنی بیماری اور اس سے جڑے دیگر پہلوؤں کے حوالے سے کھل کر اظہار کیا۔

 اداکار کا کہنا ہے کہ جب میں 17 سال کا تھا میرا جسم آٹو امیون رسپانس سے گزر رہا تھا۔ میرا نہیں خیال میں اس حالت کو صحیح طرح سے وضاحت کرسکتا ہوں شاید کوئی طبی ماہر ہی وضاحت دے سکتا ہے۔انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جب جسم میں انسولین بننا بند ہوجائے تو بلڈ شوگر لیول میں اضافہ ہوتا رہتا ہے جسے ہم ذیابیطس کہتے ہیں۔

 17 سال کی عمر میں ذیابیطس ٹائپ ون میں مبتلا ہوا۔ پہلے مجھے شدید بخار ہوا تھا جس کے بعد صرف 8 دنوں میں 10 کلو وزن کم ہوگیا۔ 17 سال کی عمر میں میرا وزن 65 کلو گرام تھا جو طبعیت خراب ہونے کے بعد 55 ہوگیا تھا۔

 اداکار نے کہا کہ وزن کم ہونے کے بعد مجھے شدید پیاس لگتی تھی جسے پولیوریا کہتے ہیں۔ اس حالت میں بار بار واش روم جاتے ہیں۔ میرا منہ ہر وقت خشک رہتا تھا جسم میں پانی کی کمی ہوگئی تھی جس کی وجہ سے میں 6 سے 7 لیٹر پانی پیتا تھا تو مسلسل پیشاب آنے کی وجہ سے بار بار باتھ روم جانا پڑتا تھا۔

 فواد خان کا مزید کہنا ہے کہ میرا شوگر لیول اس وقت 600 تھا، پھر میں اسپتال گیا، وہاں ڈاکٹرز نے مجھے ری ہائیڈریٹ کیا اور مجھے انسولین کے انجیکشن لگائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف 17 سال کی عمر سے مجھے انسولین کے انجیکشن لگائے جاتے تھے آج میں 41 سال کا ہوں۔

 یاد رہے کہ فواد خان کو ذیابیطس میں مبتلا ہوئے 24 سال ہوگئے ہیں۔

مزیدخبریں