محسن نقوی پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے کچے کے علاقہ میں پہنچ گئے

23 Jun, 2023 | 04:32 PM

Bilal Arshad

This browser does not support the video element.

عاصم صدیق،علی رامے: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے رحیم یارخان کچے کے علاقے میں پہنچ گئے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی شدید گرمی میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانو ں کے جذبے کو سراہا،محسن نقوی نے پولیس چوکی،ڈسپنسری اور سکول کا بھی دورہ کیا، شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ شدیدگرمی و حبس میں آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسرو ں اور جوانو ں کی حوصلہ افزائی کیلئے کچے کے علاقے میں آیا ہوں،کچے کے علاقے میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے اورپولیس نے بیشتر ایریا شرپسندوں سے خالی کرالیا ہے،قوم کو پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہو ں نے ہر موقع پر جرأت کے ساتھ فرائض ادا کئے،آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں پائیدار امن کا قیام پہلی ترجیح ہے،علاقے میں ترقی اور خوشحالی امن سے منسلک ہے،شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجا رہا ہے،شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے۔

 انسپکٹر جنرل پولیس نےوزیراعلیٰ محسن نقوی کو شرپسندوں کیخلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب میں کپاس کے زیر کاشت رقبے کا بھی معائنہ کیا،محسن نقوی نے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت، انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو شاباش دی۔

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  کپاس کی کاشت سے 3 اب ڈالر تک کا زرمبادلہ حاصل ہو گا،ملکی تاریخ میں بڑے پیمانے پر صوبہ پنجاب میں کپاس کاشت کی گئی ہے،جنوبی پنجاب انتظامیہ نے کپاس کی کاشت کے حصول کیلئے انتھک محنت کی ہے۔صوبہ میں 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا، 96 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے۔

 جنوبی پنجاب میں مجموعی طور پر 43 لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے محسن نقوی کو بریفنگ دی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور دیگر پولیس افسران نے نوجوانوں کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کچہ میں آپریشن کے بعد پولیس کے قائم کئے گئے سکول میں بچوں میں وظائف دینے کے  بعد بچے سے دلچسپ گفتگو کی،محسن نقوی نے کچہ میں خواتین میں امدادی رقوم  بھی تقسیم کی۔

مزیدخبریں