(علی رامے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی زیر صدارت جیل ریفارمزسےمتعلق اجلاس میں ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سزا میں کمی کی مدت 2ماہ سے بڑھاکر 3ماہ کر دی گئی، سزا میں کمی کا اطلاق سال میں 2بار ہوسکے گا،8جیلوں کی انتظار گاہوں میں سہولتیں بہتر بنانے کے پروگرام کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جیلوں میں پی سی اوز کی تعداد میں اضافہ جبکہ قیدیوں کے لئے ویڈیو کال اورانٹرنیشنل کال کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی، جیل ہسپتالوں کاانتظام محکمہ صحت کے سپرد کر دیا گیا،بیرکس میں کیبل کے ساتھ ایل ای ڈی ٹی وی کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے، جیل کینٹین کے فرسودہ نظام کو ختم کرنے کافیصلہ،ہر جیل میں فیزیکل کینٹین یا بڑے سٹور کی چین یایوٹیلیٹی سٹور کھولنے کی تجویز دی گئی،تمام بیرکس او رسیل میں ایئر کولر لگانے کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے ۔
جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس میں قیدی کو پیرول پر رہا کرنے کا اختیار سپرنٹنڈنٹ جیل کو دینے کافیصلہ کیا گیا، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نے خصوصی دعوت پر بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، احد چیمہ نےجیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتو ں کی فراہمی بارے تجاویز دیں،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ا حد چیمہ کی تجاویز کو سراہا،نگران وزیراعلیٰ نے جیل ریفارمز پرعملدرآمد بارے ضروری ہدایات دیں۔