عثمان علیم: جوہر ٹاؤن دھماکے کے پیش نظر جناح ہسپتال میں سہولت سنٹر فوری قائم کرنے کے احکامات، کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کو مکمل معلومات اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جوہر ٹاؤن دھماکہ کے متاثرین کیلئے سہولت سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، سہولت سنٹر سے لواحقین کو بروقت معلومات، کھانا و دیگر سہولیات فراہم ہوں گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تکلیف کی اس گھڑی میں انتظامیہ ہر ممکن سہولیات کیلئے کمربستہ ہے، جناح ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز باقاعدگی سے متاثرین کے لواحقین کو اعتماد میں لیں گے۔ کمشنر کا مزید کہنا تھاکہ جناح ہسپتال میں ملک کے اعلیٰ ڈاکٹرز ہیں اور علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولیات میسر ہیں۔