اکمل سومرو: سرکاری سکولوں میں آفٹر نون سکول پروگرام کیلئے اساتذہ کی تنخواہیں مزدور کی اُجرت سے بھی کم ہونے کا انکشاف، اساتذہ کو ماہانہ تنخواہ صرف پندرہ ہزار روپے ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے شرح خواندگی بڑھانے اور طلباء کی اینرولمنٹ میں اضافہ کی غرض سے شہر سمیت صوبے کے سرکاری سکولوں میں انصاف آفٹر نون سکولز لانچ کیے ہیں، ان سکولوں میں دوپہر کے اوقات میں کلاسز کو پڑھانے کے لیے اساتذہ کی تنخواہ 15 ہزار روپے مقرر کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن نے ایلیمنٹری اور ہائی سکول میں آفٹر نون کلاسز کا اجراء کیا ہے، چار اساتذہ کی تقرریوں کے اختیارات ہیڈ ماسٹرز کو تفویض کئے گئے ہیں۔ انصاف آفٹر نون سکولز میں ایلیمنٹری کلاس کو پڑھانے کیلئے اُستاد کی تنخواہ 15 ہزار جبکہ ہائی سکول میں استاد کی تنخواہ 18 ہزار روپے مقرر ہے۔ پنجاب حکومت نے شہر سمیت صوبے کے 22 اضلاع میں انصاف آفٹر نون سکولز کیلئے 577 سرکاری سکولوں کو منتخب کیا ہے۔ اس پروگرام کیلئے 12 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن کے مطابق سرکاری سکولوں میں قائم کونسل کے پاس دستیاب فنڈز سے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگیاں ہوں گی۔ آفٹر نون پروگرام کے لیے ملازمین بھی تعینات ہوں گےجن کی ماہانہ تنخواہ سات ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ایلیمنٹری سکول میں ایک سو اور ہائی سکول میں 80 بچوں کے داخلوں کی حد مقرر ہے۔