جانوروں اورپرندوں کے بریڈنگ فارمز کی رجسٹریشن فیس10 سے 50 ہزار کردی گئی

23 Jun, 2021 | 01:17 PM

Arslan Sheikh

سعدیہ خان: پنجاب میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے بریڈنگ فارم کی رجسٹریشن فیس میں اضافہ کر دیا گیا، پرندوں اور جانوروں کے مشترکہ بریڈنگ فارم کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

ایک زمانے میں لوگ اپنے شوق کے لئےگھروں میں مختلف اقسام کے پرندے اور جانور پالتے تھے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ شوق اب ایک کاروبار کی شکل میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اس کاروبار سے منسلک افراد نے گھروں کی چھتوں پر پنجرے بنا رکھے ہیں، جہاں مختلف اقسام کے پرندوں کی بریڈنگ کر کے انہیں فروخت کیا جاتا ہے۔
وائلڈلائف نے جانوروں اور پرندوں کی بریڈنگ فارم کی رجسٹریشن اور سالانہ تجدید کی فیس میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے، پرندوں کیلئے بریڈنگ فارم کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے جبکہ پرندوں اور جانوروں کے مشترکہ بریڈنگ فارم کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

جانوروں اورپرندوں کے بریڈنگ فارم کی سالانہ تجدید کی فیس بھی 50 ہزار روپے ہوگی، نوٹیفکیشن کے مطابق جنگلی جانوروں اورپرندوں کے بریڈنگ فارم کیلئے دو کیٹگریز بنادی گئی ہیں اور دونوں کی رجسٹریشن اور سالانہ تجدید کی فیس الگ الگ مقررکی گئی ہے۔

قبل ازیں گزشتہ سال محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے صوبے بھر میں وائلڈ لائف بریڈنگ فارمز اور وہاں موجود جانوروں اور پرندوں کی تفصیلات جمع کرنا شروع کی تھیں۔  بغیر لائسنس بنائے گئے بریڈنگ فارمز کو بند اور وہاں موجود جانورو پرندوں کو محکمے کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں