مکینک کا بیٹا سی ایس ایس کرکے افسر بن گیا

23 Jun, 2020 | 04:23 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) لگن سچی ہو تو منزل مل ہی جاتی ہے، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے مکینک کے بیٹے زوہیب قریشی نے سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرکے مرحوم والد کا خواب پورا کردیا۔

سندھ کےضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے زوہیب قریشی سی ایس ایس امتحانات کے نتائج کی میرٹ لسٹ میں 260 ویں نمبر پر آئے ہیں اور ٹریننگ کے بعد وہ محکمہ لینڈ اینڈ ریونیو میں آفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

اس حوالے سے زوہیب قریشی نے بتایا کہ میرے بابا عبدالطیف قریشی لاڑکانہ کے مشہور موٹر مکینک تھے، لاڑکانہ اور گرد و نواح کے تمام بڑے لوگ اور افسر ان سے اپنی گاڑیاں ٹھیک کروایا کرتے تھے،میرے والد کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کے بچے سی ایس ایس آفیسرز بنیں جس کیلئے انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں اور بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوائی۔

زوہیب قریشی نے کہا کہ انہوں نے 2010 میں لاڑکانہ کیڈٹ کالج سے ایف ایس سی پاس کیا اس کے بعد انہوں نے 2 مرتبہ کمیشن آفیسر بننے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں دونوں بار اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کے والد نے انہیں ہمت کا مشورہ دی اور سی ایس ایس کرنے دیا۔

واضح رہے کہ 19 جون کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سال 2019 میں منعقدہ امتحانات ( سی ایس ایس) کے نتائج کا اعلان کیا، صرف 2 اعشایہ اکیاون فیصد امیدوار کامیاب ہوسکے۔

ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ رزلٹ شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 میں سی ایس ایس کے امتحانات میں مجموعی طور پر 14 ہزار 521 امیدواروں نے حصہ لیا۔

تحریری امتحانات میں صرف تین ہزار 272 امیدوار کامیاب ہوئے، 365 امیدوار وائیوا کے لیے منتخب ہوئے جن میں 214 مرد اور 151 خواتین شامل تھیں۔

ڈائریکٹر ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق 214 امیدواروں کو گریڈ 17 میں تعیناتی کی سفارش کردی گئی ہے۔

 

مزیدخبریں