مال روڈ (قذافی بٹ)عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں لگانی ہیں یا نہیں؟ حکومت نے سرجوڑ لئے، مویشی منڈیوں کا متبادل حل تلاش کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد بھی مشکل ہے تاہم اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ مخصوص جگہوں پر مویشی منڈیاں حکومت کی نگرانی میں لگائی جاسکتی ہیں مخصوص جگہوں پر لگائی گئی منڈیوں میں خریداروں کو حکومت کی نگرانی میں لیجایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی بھی جگہ مویشی منڈیاں نہیں لگائی جانے دی جائے گی اور جس جگہ پر بھی منڈی لگانے کی اجازت دی گئی تو قربانی کے جانوروں کی خریداری کے اوقات کار بھی رکھے جائیں گے، مویشی منڈیوں کی اجازت کی صورت میں منتظمین سے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی یقین دہانی ہر صورت لی جائے گی۔
دوسری جانب کورونا کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور میں مویشی منڈیوں میں رش ختم کرنے کیلئے آن لائن خریداری اورقربانی کیلئے محکمہ لائف سٹاک اوردیگرمحکموں سے سفارشات مانگ لیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ لائف سٹاک،بلدیات اورضلعی انتظامیہ سے سفارشات مانگی گئی ہیں، جس میں عید پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکموں کویہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قربانی کے جانوروں کی خریدرای کیلئے ایس او پیز بروقت واضح کریں۔یہ بھی دیکھا جائے کہ کس طرح شہریوں کو آن لائن خریداری اور قربانی کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے؟
ایوان وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ محکمے بروقت اپنی سفارشات ایوان وزیراعلیٰ کو بھجوائیں تاکہ حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔آن لائن قربانی اورخریداری کے لیے علماء کرام سے مشاورت بھی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ عید الاضحیٰ ہر سال قمری مہینہ ذوالحج کی دس تاریخ کو منائی جاتی ہے، عید کی نماز کے بعد صاحب حیثیت مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےاللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں۔