(زاہد چوہدری) کورونا کے وار لگاتار، شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 11 اموات ، 471 نئے کیسز سامنے آئے ۔ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں شدید علیل مریضوں کیلئے آئی سی یو میں بستر کم پڑ گئے ۔ جناح ، جنرل اور کوٹ خواجہ سعید کے انتہائی نگہداشت وارڈز میں گنجائش مکمل ختم ہوگئی ۔
کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ جاری ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں کورونا کے 471 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 11 اموات کی تصدیق کی گئی ہے ۔ لاہور میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 556 اموات ہوچکی ہیں اور 34282 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے ۔ شہر میں کورونا کے سیریس مریضوں کیلئے گنجائش کم پڑ گئی ہے ۔ جنرل ، جناح اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں کورونا آئی سی یو میں ایک بھی بیڈ خالی نہیں ، میو ہسپتال میں 8 سروسز ہسپتال میں 4 ، پی کے ایل آئی اور گنگا رام ہسپتال میں 9 ، 9 بیڈز آئی سی میں خالی ہیں ۔
پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی سیریس مریضوں کیلئے گنجائش ختم ہوچکی ہے جس سے شدید علیل مریضوں کو علاج کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں کورونا کے 1204 نئے کیسز اور 28 اموات کی تصدیق کی گئی ہے ۔ صوبے بھر میں مجموعی طور پر کورونا سے 1435 اموات ہوچکی ہیں اور 66943 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔
دوسری جانب کورونا وائرس میں مبتلا افراد آکسیجن سلنڈر کو ترس گئے۔ آکسیجن سلنڈر کی تین گناہ دگنی قیمت پر قابو نا پایا جا سکا۔ آکسیجن سلنڈر سیلف قرنطینہ اور پرائیویٹ ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی پہنچ سے باہر نکل گیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعہ 144 تو نافذ کرا دی گئی۔ مگر تین گناہ اضافی قیمت پر قابو نا پایا جا سکا۔ شہری سستی آکسیجن کو ترس گئے۔