شریف خاندان اختلافات، مریم نواز بول پڑیں

23 Jun, 2019 | 10:11 PM

Arslan Sheikh

( عمر اسلم ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ کل کی پریس کانفرنس کو آج کے اخبارات اور میڈیا میں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، شریف خاندان متحد ہے کوئی اختلاف نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شہبازشریف کی جانب سے حکومت کے ساتھ میثاق معیشت کے بیان پر کہا ہے کہ میرا اور میرے چچا کا انتہائی ادب و احترام اور پیارو محبت کا رشتہ ہے۔ وہ پارٹی کے صدر ہیں اور ہر معاملے پر ان کو اعتماد میں لینا میرے فرائض میں شامل ہے۔

کل کی پریس کانفرنس میں سوال پوچھا جارہا ہے کہ شہبازشریف حکومت کے ساتھ میثاق معیشت کی بات کررہے ہیں اور مریم نواز جواب میں کہتی ہیں کہ ایسا بالکل ہونا نہیں چاہئے، کسی اپوزیشن جماعت کو حکومت کے ساتھ بات نہیں کرنی چاہیئے۔ مریم نواز نے بیان میں کہا کہ بجٹ تقریر کے دوران میاں شہباز شریف نے کہا کہ ان کی میثاق معیشت کی پیشکش کو جو انہوں نے ستمبر 2018 میں کی تھی اس کو پائے حقارت سے ٹھکرا یا گیا جس کے جواب میں سپیکر نے کہا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی۔

کہتی ہیں کہ ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کے دوران گفتگو میں نے معیشت کی زبوں حالی کے حوالے سے کہا کہ عمران خان اور جعلی حکومت کی نالائقی نے معیشت کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔  معشیت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ اس حوالے سے میرے بیان کو جس طرح پیش کیا گیا اس سے میری اور میرے چچا کی دل آزاری ہوئی، خاندان مکمل طور پر متحد ہے اور ہمارے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا ہمارے مخالفین کی 30 سال سے یہ کوشش رہی ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان تفرقہ ڈالا جائے مگر اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شریف خاندان متحد ہے اور انشاءاللہ متحد ہی رہے گا۔

مزیدخبریں