فریحہ بتول: تیزاب پھینکے جانے سے خراب ہونے والے چہروں کو نئی زندگی دینے کے لئے جناح برن سنٹر میں "نئی زندگی پروگرام" کا آغاز ہو گیا۔ رسمی افتتاح کی تقریب علامہ اقبال میڈیکل جناح برن اینڈ ری کنسٹرکٹیو سرجری سنٹر میں منگل کے روز ہوئی جس کا اہتمام پنجاب سوشل پوٹینشل اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا۔
تیزاب سے جھلسے ہوئے مظلوموں کی مکمل صحت یابی اور بحالی کے اس خصوصی پروگرام کی افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی پنجاب سوشل پوٹینشل اتھارٹی کی نائب چیئرپرسن جہاں آرا وٹو تھیں۔ جناح برن سنٹر کے سربراہ اور تمام ری کنسٹرکٹو سرجنز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
جہاں آرا وٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ" نئی زندگی پروگرام" تیزاب کے زخموں کے شکار مردوں اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ہم پنجاب بھر میں 7 ہیلنگ ڈیسک بنا رہے ہیں۔ پہلا ہیلنگ ڈیسک ہم نے ملتان میں شروع کیا ۔آج ہم نے جناح برن سنٹر میں دوسرے ہیلنگ ڈیسک کا افتتاح کیا ہے۔
جہاں آڑا وٹو نے بتایا کہ انہوں نے جناح برن سنٹر کے تمام شعبوں کا وزٹ کیا مریضوں سے بھی ملیں۔ جہاں آرا وٹو نے جناح برن سنٹر میں بچوں کے لئے الگ خصوصی وارڈ کی موجودگی کو خاص طور سے سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے جب کوئی بھی تیزاب کے زخموں کا شکار ہوتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جس پر تیزاب گرایا جاتا ہے وہ انسان زندہ تو رہتا ہے لیکن اگر مکمل علاج اور بحالی ممکن نہ ہو سکے تو اسکی کوئی زندگی رہتی نہیں۔ جہاں آرا وٹو نے کہا کہ کسی پر تیزاب پھینکنا بہت بڑا ظلم ہے، اسے روکا جانا چاہئے۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہم تیزاب کے زخموں کو روکیں اور لوگوں کو تحفظ فراہم کریں۔
تقریب میں ڈاکٹر یاور سجاد ،ڈاکٹر فرخ اسلم نے بھی شرکت کی، فاطمہ الیاس، ،چیف آپریٹنگ آفسر حیدر عباس نبھی تقریب میں موجود تھے۔
فوٹو گرافی: یعقوب عزیز