سعید احمد: شہر کی تاجر برادری نے ایف بی آر حکام کی تاجر دوست نظرثانی اسکیم کو مسترد کردیا، تاجر برادری کا ایڈوانس ٹیکس ادا نہ کرنے کا اعلان کردیا ۔ہڑتال اور دھرنے پر بھی مشاورت جاری ہے ۔
صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کے زیر اہتمام اجلاس ہوا، مجاہد مقصود بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نئی ایڈوانس ٹیکس کی اسکیم کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔ حکومت نے بجلی کے بلوں اور آمدنی میں کمی سے پریشان تاجروں پہ نیا بم گرا دیا ہے۔حکومت کے اس وار پر تاجر چپ نہیں بیٹھیں گے
سیکرٹری انفارمیشن انجمن تاجران لاہور حافظ علاوالدین کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بجلی، پٹرول، آٹا، گھی، اور دیگر اشیائے خورونوش پر بے تحاشا ٹیکس دے رہے ہیں۔ ایڈوانس ٹیکس دینے کی ہمت نہیں ہے
تاجروں کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی حکومت کو ایسے مشورے کون دیتا ہے، تاجر پہلے ہی مہنگائی اور بھاری بجلی کے بلوں تلے دبے ہوئے ہیں۔
مجاہد مقصود بٹ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر شہر کی تمام مارکیٹوں کے صدور کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں مشاورت کے بعد ہڑتال اور دھرنے کا اعلان کریں گئے۔