ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ بالآخر 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ نے منصوبہ سازی کا اعتراف کر لیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نو مئی کے مجرم نے منصوبہ سازی اور سہولت کاری کا اعتراف کیا ہے، یہ جماعت نہیں انتشاری ٹولہ ہے جس کا مقصد صرف اور صرف شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کوارٹر بنا رہا، پٹرول بم بنانے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی، 4 ماہ ٹانگ پر پلستر باندھنے کے ڈرامے کے دوران 9 مئی کی منصوبہ بندی کی گئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسا پرامن احتجاج تھا جس میں 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے، ایئرفورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی، کور کمانڈر ہاؤسز جلائے گئے، شہداء کی یادگاروں کی توہین کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے، آئی ایم ایف کو خط لکھنے، سائفر لہرانے کی سازشیں، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اس بڑی سازش کا حصہ ہیں، شواہد اور ثبوتوں کی موجودگی میں آئین اور قانون پر عمل کرتے ہوئے اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ہونا ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی سازشی گروہ ہے جس نے دوست ممالک کو پاکستان سے دور کیا، ان کی قیادت کیخلاف بدزبانی کی، سی پیک اور چین پر بے بنیاد الزامات لگائے، دھرنے سے چین کے صدر کا دورہ نہ ہونے دیا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ا س انتشاری ٹولے نے 2014 میں پارلیمنٹ، پی ٹی وی اور وزیراعظم ہاؤس پر حملے کئے، پولیس کے سرپھاڑے، سپریم کورٹ کی دیواروں پر گندے کپڑے دھوئے، ڈی چوک میں قبریں کھودیں۔