کھلاڑی کے چھکا مارنے پر پابندی لگا دی گئی، نیا قانون نافذ

23 Jul, 2024 | 01:34 PM

ویب ڈیسک: کرکٹ جب سے مختصر دورانیے کی ہوئی ہے اس میں چوکوں چھکوں کی بارش بڑھ گئی ہے لیکن اب کھلاڑیوں پر چھکا مارنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

تفصیلات کےمطابق کرکٹ دنیا کے مقبول کھیلوں میں سے ایک کھیل ہے۔ لگ بھگ ڈیڑھ صدی کی تاریخ رکھنے والے اس جنٹلمین کھیل نے جب پانچ روزہ ٹیسٹ سے ایک روزہ کرکٹ اور پھر ٹی 20 کے مختصر فارمیٹ میں قدم رکھا تو سست کرکٹ تیز رفتار ہوگئی،آج کی کرکٹ میں تو چوکے چھکے لازم وملزوم قرار دیے جاتے ہیں لیکن حیرت انگیز امر ہے کہ دنیا کے ایک قدیم کرکٹ کلب نے کھلاڑیوں کے چھکا مارنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برائٹن میں قائم ساؤتھ وک اینڈ شورہم کرکٹ کلب نے کھلاڑیوں کے چھکے مارنے پر نہ صرف پابندی لگا دی ہے بلکہ اس پابندی پر عمل نہ کرنے والے کرکٹرز کے لیے سزا کا بھی اعلان کیا ہے۔

کرکٹ کلب نے بیٹرز کو بتا دیا ہے کہ پہلا چھکا مارنے پر کوئی رن نہیں ملے گا جب کہ دوسرے چھکے پر بطور سزا اس بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا جائے گا،کلب نے یہ پابندی مقامی لوگوں کی جانب سے شاٹ کے لیے ماری جانے والی گیند سے ہونے والے نقصانات کی شکایت پر عائد کی ہے۔

 شکایت میں کہا گیا تھا کہ گیندیں ان کے گھروں کی کھڑکیوں، کاروں، شیڈز اور بعض اوقات خود لوگوں کو لگتی ہیں اور مالی نقصان کے ساتھ انہیں سنگین چوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مزیدخبریں