علی رامے: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، اسلام آباد سمیت پنجاب ، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، مشرقی/جنوبی بلوچستان اور زیریں سندھ میں آندھی /جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح بارش کے بعد شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔ لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 25جولائی تک مون سون بارشوں کا سپیل جاری رہے گا جبکہ23سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی آندھی و تیز بارش کے امکانات ہیں۔
بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں ،طوفان سے بجلی کے کھمبوں ، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔