پنجاب کابینہ کا ہنگامی اجلاس، سیلاب  سے پبلک کو بچانے کی مکمل تیاریوں کا فیصلہ

23 Jul, 2023 | 06:55 PM

علی رامے

This browser does not support the video element.

علی رامے: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ سیلاب کی تازہ صورتحال اوربھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے جانے کے حوالے سے تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔

سیکرٹر ی آبپاشی نے پنجاب کابینہ کو  بریفنگ میں بتایا کہ  دریائے راوی اورستلج پر بھارت کے بنائے دونوں ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے،راوی پر بنایاگیا ڈیم90فیصدجبکہ ستلج پر بنایاگیا ڈیم 70 فیصد بھرگیا ہے۔


راوی اورستلج کے کیچمنٹ ایریا میں مزید بارشوں کے خدشہ کے پیش نظر نگراں وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی،پی ڈی ایم اے،ریسکیو1122 اورانتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا اور دریائے راوی اورستلج کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کے انخلاء کے لئے پلان تیارکرنے کی ہدایت کر دی۔


وزیراعلیٰ محسن نقوی نےا تمام کمشنرز کو ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات کا حکم جاری کر دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دریاؤں کے بیڈ کے اندر موجود گاؤں کے لوگوں کی حفاظت کیلئے تمام پیشگی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔ آبادیوں کے انخلاء کے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

محسن نقوی نے کہا  کمشنر لاہور اوردیگر ڈویژنل کمشنر ایمرجنسی کی صورت میں وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انتظامیہ شہریوں کو بوقت ضرورت کھانے پینے اورمیڈیکل کی سہولتیں پہنچانے کیلئے موبائل ٹیمیں تشکیل دے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نےدریاوں میں پانی کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کرنے کا حکم بھی دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ  بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کی آمد کے بارے میں متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے۔
 صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ حکام کی صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں شریک ہوئے۔ 

مزیدخبریں