ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سوات، دیر اور چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
شدید بارشوں کے بعد سوات دیر اور چترال میں مواصلات کا نظام متاثر ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔
دیر میں دریائے پنجکورہ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد قریبی علاقوں میں مواصلات کا نظام متاثر ہوا۔
لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تحصیل کلکوٹ میں شرنگل، کمراٹ روڈ بری طرح متاثر ہوا۔ جبکہ شمسی خان کے علاقہ میں زیر تعمیر پل کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز بھاری مشینری کے ساتھ علاقہ میں متاثرہ سڑکوں اور پل کو نقصان کے بعد آمدورفت کو جاری رکھنے کیلئے متحرک ہیں۔
چترال میں شدید بارشوں کی وجہ سے چترال سے بونی کے علاقہ کے درمیان واقع اہم پل سیلاب میں بہہ گیا۔ پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن کے ذریعہ متبادل راستہ بنا کر آمدورفت کو یقینی بنایا۔
سوات کے علاقہ شانگلہ میں بھی سیکیورٹی فورسز کا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مختلف علاقوں میں متاثرہ سڑکوں اور مواصلات کے نظام کو بحال کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سوات، دیر اور چترال کے متاثرہ علاقوں میں عوام کو خوراک اور پانی بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز عوام کی حفاظت اور خدمت کیلئے ہراول دستہ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔