مولانا فضل الرحمان نے بڑا فیصلہ کرلیا

23 Jul, 2023 | 09:39 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے  ہر حلقے سے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومتوں کا کام صرف الیکشن کرانا ہے اور نگران حکومت کو سوچنا ہے الیکشن کب اور کیسے کرانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہر حلقے سےاپنا امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو پھر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، اسمبلی اپنی مقررہ مدت پر تحلیل ہوجائے گی اور مجھے الیکشن قریب نظر آ رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست اب ختم ہو گئی ہے جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے فرنٹ مین کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں جبکہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں۔

نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن واپسی کا فیصلہ نوازشریف خود کریں گے اور نواز شریف وطن واپس آتے ہیں تو عوام ان کو خوش آمدید کہیں گے۔

 

مزیدخبریں