ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سونے کی قیمت نے نئی تاریخ رقم کردی

سونے کی قیمت نے نئی تاریخ رقم کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہزاد خان ابدالی ) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اونچی اڑان، جمعرات کے روز سونا دو ہزار تین سو روپے کے مزید اضافے کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ پندرہ ہزار سات سو روپے پر پہنچ گئی۔ مقامی جیولرز کہتے ہیں عالمی منڈی میں تیزی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی قیمتوں پر اثر انداز ہورہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کے روز سونا دو ہزار تین سو روپے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونا ایک لاکھ پندرہ ہزار سات سو سو روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح بائیس قیراط فی تولہ سونا ایک لاکھ چھ ہزار اٹھاون روپے اور اکیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ دوہزار تین سو پچھتر روپے رہی۔

جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن صرافہ ایسوسی ایشن طاہر محمود بھٹی نے کہا کہ عالمی سطح پر سٹاک مارکیٹس اور آئل سمیت دیگر شعبے تنزلی کا شکار ہیں۔ سرمایہ کار سونے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس کے باعث سونا مہنگا ہوا۔

صرافہ بازاروں کے جیولرز نے کہا کہ عالمی سطح پر کورونا کے باعث بند شعبوں میں جب تک کاروبار نہیں کھلتے تب تک سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہے گا۔ مقامی سطح پر سونا مہنگا ہونے کی ایک بڑی وجہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہے۔ مقامی جیولرز کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اس شعبے کی تجارت کیلئے تباہ کن ہے۔