شاہراہ تجارت (حسن علی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ایوان صنعت و تجارت میں تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سنے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ عید کے بعد ریسٹورنٹ مالکان کے ساتھ مل کر ایس او پیز تیار کرکے کھول دیں گے جبکہ شادی ہال ستمبر میں کورونا کی صورتحال کو دیکھ کر کھولے جائیں گے، اس کیلئے این سی او سی کی اجازت لازم ہوگی۔
لاہور چیمبر میں تاجروں اور صنعتکاروں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی، ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام، نائب صدر میاں زاہد جاوید سمیت شہر بھر کے تاجروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔
صدر لاہور چیمبرعرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کاروبار کیلئے ہفتہ وار سات دن چوبیس گھنٹے کام کی اجازت ہونا ضروری ہے جبکہ صنعتکاروں اور تاجروں کو واسا اور ایل ڈی اے سے مسائل کو حل کرنا ضروری ہے، ریسٹورنٹ، شادی ہال، سنوکر کلب سمیت دیگر کاروبار کو کھولا جائے تاکہ لوگوں کا روزگار چلے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے واضح طور پر کہاکہ عید پر مارکیٹیں 24 گھنٹے یا ہفتے میں 7 روز کھولنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد ریسٹورنٹ مالکان کے ساتھ مل کر ایس او پیز بنا کرریسٹورنٹس کھولیں گے جبکہ شادی ہال ستمبر میں کورونا وائرس کے حالات کو مد نظر رکھنے کے بعد کھولے جائیں گے تاہم ریسٹورنٹس اور شادی ہال کھولنے کے لئے حتمی فیصلہ این سی او سی کرے گی۔
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ واسا، ایل ڈی اے اور دیگر محکموں سے جو بھی مسائل ہیں انکو حل کیا جائے گا اور کسی بھی ادارے کو تاجروں اور صنعتکاروں کو ہراساں نہیں کرنے دیا جائے گا۔