نیا پاکستان ہاؤسنگ کیلئے مارک اپ سبسڈی کی منظوری

23 Jul, 2020 | 10:25 AM

Shazia Bashir

(مانیٹرنگ ڈیسک)  اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے نیا پاکستان ہائوسنگ کے تحت بنک فنانسنگ پر مارک اپ سبسڈی کی منظوری دیدی ہے جو 10 سال کیلئے ہوگی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ای سی سی نے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کیلئے مارک اپ سبسڈی کی منظوری دیدی۔ نیا پاکستان ہائوسنگ کے تحت بنک فنانسنگ پر مارک اپ سبسڈی 10 سال کیلئے ہوگی۔پانچ مرلہ کے گھر کیلئے پہلے پانچ سال مارک اپ 5 فیصد اور اگلے پانچ سال کیلئے 7 فیصد ہوگا۔جس کے 3 سے 5 مرلہ گھر کی قیمت 35 لاکھ تک ہوگی اس پر سبسڈی دی جائے گی۔دس مرلہ گھر پر سبسڈی 60 لاکھ کی قیمت تک ہوگی۔

سستے گھروں کیلئے دس سال کیلئے 33 ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔ اجلاس میں پاک فوج کو رواں سال پاسکو سے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری بھی دیدی گئی ۔یہ گندم ادائیگی پر پاسکو سے فوج کو فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی سال 2020ء کیلئے تمباکو کی کم از کم قیمت کی منظوری دیدی ہے ۔

قیمت کی منظوری پرائس اینڈ گریڈ رویژن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں دی گئی۔نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اور سرکاری محکموں کیلئے نئے سسٹم کی منظوری دی گئی ہے ۔اس منصوبے کیلئے 4.18 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ جبکہ بلوچستان میں معدنیات کی ترقی کیلئے منرل ایکسپلوریشن کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔

منصوبے کیلئے پی ایم ڈی سی کے ذریعے 32 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں وزارت فوڈ سکیورٹی کی زراعت کے شعبے کیلئے 100 ارب کے ریلیف پیکیج کے استعمال کیلئے سفارشات پیش کی گئی اور ای سی سی نے پوٹاش کھاد کیلئے 15.7 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی ۔

مزیدخبریں