نواز شریف، مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے گھر منتقلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

23 Jul, 2018 | 01:38 PM

(ملک اشرف) سابق نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز اور  اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اڈیالہ جیل سے گھر منتقلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ خان نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز اور  داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اڈیالہ جیل سے گھر منتقل کرنے کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی جس  میں وفاقی حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کو فریق بنایا گیا ہے.

 درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ایک ریفرنس میں سزا ہوئی ہے جبکہ دیگر ریفرنس  احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔

 درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے بیرون ملک سے آکر خود گرفتاری دی ہے اور قانون سے فرار نہیں ہوئے، نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں  اور  ان کی سزا کیخلاف اپیل بھی دائر ہوچکی ہے. اس لیے انہیں جیل سے گھر منتقل کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ قانون کے تحت کسی مجرم کو اس کی سزا کیلئے جیل کے بجائے کسی دوسرے مقام پر رکھا جاسکتا ہے اور قانون میں یہ بھی گنجائش ہے کہ مجرم کے گھر کو سب جیل قرار دیا جاسکتا ہے. درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔

مزیدخبریں