ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صدر مملکت سے آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت مصطفٰی یوو  کی ملاقات

صدر مملکت سے آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت مصطفٰی یوو  کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت مصطفٰی یوو  کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی ہے۔ 

ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، توانائی، فضائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔  صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں، علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے عوامی ، سیاحتی اور تجارتی اور کاروباری تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ 

صدر مملکت نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ثقافتی روابط ، عوامی وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کیلئے طریقے تلاش کرنے پر زور دیا، ساتھ ہی پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پروازوں کا خیرمقدم بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ براہ راست پروازوں سے عوامی روابط کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔ 

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 2024 میں 72,000 سے زائد پاکستانیوں نے کاروباری اور سیاحتی مقاصد کیلئے آذربائیجان کا دورہ کیا۔ 

ملاقات میں آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت  وگار مصطفٰی یوو نے دونوں ممالک  کے مابین گہرے تعلقات کو اجاگر کیا، کہا کہ آذربائیجان توانائی، کاروبار اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ، آذربائیجان کے لیے پاکستان کی سیاسی حمایت کو آذربائیجان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ 

آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت نے پرتپاک استقبال پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا ۔ آذربائیجان کے وزیر نے صدر مملکت کی اچھی صحت   کیلئے آذربائیجان کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وگار مصطفیٰ یوو نے پاکستان کے امن و خوشحالی کے لیے  بھی آذربائیجان کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔