ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ بے روزگاری سابقہ حکومتوں کی جانب سے عوام کو دیا گیا تحفہ ہے، بھوک، غربت اور مہنگائی مسلط کرنے والوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔
امیر جماعت اسلامی نے حلقہ انتخاب این اے 6 دیرپائن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان 8 فروری کو کرپٹ نظام کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں، یوتھ کے مقدر میں نہیں لکھا کہ وہ پڑھ لکھ کر بیرون ملک جائیں اور نوکریوں کے لیے دھکے کھائیں، ہزاروں پاکستانی ہر سال رزق کی تلاش میں نکلتے ہیں اور سمندروں میں ڈوب جاتے ہیں، صرف جماعت اسلامی ہی امید کی کرن ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، نفرتیں بڑھ چکی ہیں، سیاست میں شائستگی کی جگہ گالم گلوچ کے کلچر نے لے لی ہے، اس قوم کو متحدکرنے کی ضرورت ہے اور یہ فریضہ صرف جماعت اسلامی ادا کر سکتی ہے، جو کہ فرقہ وارایت اور علاقائی تعصبات سے پاک واحد قومی جماعت ہے، ہم ملک میں دو قومی نظریہ کی آبیاری چاہتے ہیں، ہماری جدوجہد کا مقصد ملک میں اسلام کا نفاذ ہے، باقی کوئی پارٹی اسلامی نظام کی بات نہیں کرتی۔ 76سالوں سے ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی پارٹیوں نے کرپشن کر کے مال کمایا، بیرون ملک جائدادیں بنائیں اور عوام کو یکسر نظرانداز کیا، یہ آج پھر باریوں کے طلب گار ہیں، منتخب ہو کر ووٹرز کے پاس نہیں آتے، مگر آج جھوٹے وعدے کر رہے ہیں، بجلی مفت دینے کے اعلان کیے جا رہے ہیں، قوم ان سے پوچھتی ہے کہ سابقہ ادوار میں آپ حکمران تھے، بجلی کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھا دیں، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اب کی بار ان کے دھوکے میں نہ آئیں، یہ سو سال بھی حکومت میں رہے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
امیر جماعت نے کہا کہ عوام حالات سے پریشان ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں کے بوجھ نے غریب پاکستانی کی کمرتوڑدی ہے،ہر پاکستانی مستقبل کے حوالے سے خوفزد ہے۔ دو وقت کی روٹی اور علاج کا حصول ناممکن ہوگیا ہے، غریب اپنے بچوں کو نہیں پڑھا سکتا، گرین پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں رہی، قومی کرنسی کا برا حال ہے، پاکستان کی معیشت تمام پڑوسی ممالک کے مقابلے میں نیچے جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی ملک بھر میں بھرپور انتخابی مہم چلارہی ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی، تمام پارٹیوں کے لیے یکساں مواقع چاہتے ہیں، الیکشن میں عوام کو آزادانہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے نمائندوں کا اپنی مرضی سے انتخاب کریں۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی نے ملک پر سالوں حکومت کی، ان کی کارکردگی صفر رہی۔ ان حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بدامنی پھیلی، امن کے بغیر معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔ جماعت اسلامی ملک میں امن کے قیام اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، کرپٹ افراد کا بے لاگ احتساب ہو گا، بھلے وہ کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہوں، ہم چہرے نہیں نظام بدلنے کے خواہاں ہیں، دو فیصداشرافیہ نے 98 فیصد عوام کو یرغمال بنایا ہے، اب اس حکمران اشرافیہ کو گھر بھیجنا ہو گا۔ جماعت اسلامی کے انقلابی منشورمیں نوجوانوں، کسانوں، خواتین، مزدوروں اور اقلیتوں کی بہتری کو فوکس کیا گیا ہے۔ ہماری باصلاحیت ٹیم پاکستان کو ایک مضبوط اور مثالی ریاست بنائے گی۔